ماسک نہ پہننے اور سگریٹ پینے پر وزیراعظم نے کتنا جرمانہ اداکیا؟ جان کر آپ بھی حیران رہ جائیں گے
بخارسٹ(ڈیلی پاکستان آن لائن) دنیا بھرمیں کورونا وائرس کا پھیلاو روکنے کیلئے مختلف اقدامات کیے جارہے ہیں۔ لاک ڈاون اور احتیاطی تدابیر کی خلاف ورزی پر کئی ممالک میں بھاری جرمانے عائد کیے جارہے ہیں۔ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی پر رومانیہ کے وزیراعظم بھی جرمانے سے نہ بچ سکے اور انہیں ماسک نہ پہننے اور سگریٹ پینے پر دہرا جرمانہ کیاگیا جس کی مد میں انہوں نے 673امریکی ڈالر جو کہ پاکستانیایک لاکھ نوہزار روپے سے زائد بنتی ہے اداکیے۔
بی بی سی کے مطابق رومانیہ کے وزیراعظم لوڈووک اوربن پراس وقت جرمانہ عائد کیا گیا جب ان کی ایک ایسی تصویر سامنے آئی جس میں وہ وزرا کے درمیان بیٹھ کر سگریٹ پی رہے ہیں۔ملکی میڈیا کے مطابق وزیراعظم اوربن کا کہنا ہے کہ ان کی یہ تصویر تب لی گئی جب وہ رواں ماہ کے آغاز میں اپنی سالگرہ منا رہے تھے۔
انھوں اس اقدام کی وجہ سے دوہرا جرمانہ ادا کیا ہے جس کی مجموعی رقم 673 امریکی ڈالر ہے۔
گزشتہ روز پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ جرمانہ ایک تو ماسک نہ پہننے پر عائد کیا گیا دوسرے کسی جگہ لوگوں کے درمیان بیٹھ کر سگریٹ پینے پر۔
رومانیہ کی سرکاری نیوزایجنسی نے حکومتی ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ وزیراعظم جانتے ہیں کہ قوانین کی پاسداری تمام شہریوں کو کرنی چاہیے قطع نظر اس کے کہ ان کا کیا عہدہ ہے اور اگر قانون توڑا جائے گا تو پابندیاں بھی عائد کی جائیں گی۔