سول ہسپتال میں طبی عملے کے ساتھ بدتمیزی اور تشدد،سندھ حکومت نےبڑا اعلان کردیا
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات سندھ سیدناصر حسین شاہ نےکہا ہے کہ ڈاکٹرز اور نرسز خود کو اکیلا محسوس نہ کریں، صوبائی حکومت مکمل طور پر اُن کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات سندھ ناصرحسین شاہ نے سول ہسپتال واقعے پر وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف دوسروں کی جانیں بچا رہے ہیں،ڈاکٹرز اور طبی عملے کے ساتھ بدتمیزی،تشدد نا قابل برداشت ہے،کسی حوالے سے شکایت تھی توانتظامیہ سےبات کی جاتی،حملہ کرنےپرقانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہائی لیول انکوائری کےاحکامات دیےہیں،وزیراعلیٰ نےکہا کہ جناح ہسپتال،سول ہسپتال میں ہنگامہ آرائی ناقابل برداشت ہے، ڈاکٹرز اور نرسز خود کو اکیلا محسوس نہ کریں حکومت ان کے ساتھ ہے۔
صوبائی وزیراطلاعات کامزیدکہناتھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نےہسپتالوں میں پر تشدد اور ہنگامہ آرائی کے واقعات پر سخت اور فوری کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔یاد رہے کہ گزشتہ روز سول ہسپتال میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کے انتقال کے بعد ہسپتال انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر لاش دینے میں تاخیر پر لواحقین نے توڑ پھوڑ کی اور لاش زبردستی اپنے ساتھ لے گئے تھے۔