مولانا فضل الرحمان کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں کیونکہ ۔۔۔۔صوبائی وزیر خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے حیران کن بیان داغ دیا

مولانا فضل الرحمان کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں کیونکہ ۔۔۔۔صوبائی ...
مولانا فضل الرحمان کی راتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں کیونکہ ۔۔۔۔صوبائی وزیر خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی نے حیران کن بیان داغ دیا

  

پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیبر پختونخوا کے وزیر محنت و ثقافت شوکت علی یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان نے ریاست مدینہ کیلئے آواز بلند کی ہے،قانون ختم نبوتﷺ کو چھیڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، ہمارا پختہ یقین ہے کہ حضرت محمدﷺ آخری نبی ہیں، حکومت کیخلاف مسترد شدہ لوگ سازشیں کر رہے ہیں،مولانا فضل الرحمان کی مراعات بند ہونے کے بعدراتوں کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں، مولانا نے حکومتوں میں ہونے کے باوجود بھی ریاست مدینہ یا اسلامی فلاحی ریاست کی بات نہیں کی، شانگلہ کو پورے ملک سے جوڑنے اور عوامی مشکلات کے خاتمے کیلئے 2 ارب 80کروڑ کی لاگت سے سڑکوں کا جال بچھایا جا رہاہے، سیاحتی مقامات کو پرکشش بنانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

برج بانڈہ اور کافر بانڈہ میں مختلف سڑکوں کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو  کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ محمود خان صوبے کے پسماندہ علاقوں اور نئے سیاحتی مقامات کی دریافت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور ان سڑکوں کی تعمیر سے شانگلہ سیاحوں کا حب بن جائے گا ،جس سے ایک طرف یہاں پر سیاحت کو فروغ ملے گا تو دوسری طرف عوام کوروزگارکےمواقع بھی میسر ہونگےاورمعیشت بھی مستحکم ہوجائے گی۔انہوں نےکہا کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست کاخاتمہ ہو چکا ہے، جس طرح عوام نے اُن کو گزشتہ الیکشن میں مسترد کیا،اسی طرح آئندہ بھی اُن کو آئینہ دکھائیں گے، مولانا حکومتی مراعات بند ہونے کے بعدحواس باختہ ہو چکے ہیں اور حکومت کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈوں کا سہارا لے رہے ہیں لیکن عوام مولانا کو جان چکی ہے، گذشتہ کئی ادوار میں حکومتوں میں رہنے کے باوجود بھی انہوں نے ریاست مدینہ یا اسلامی فلاحی مملکت کی بات نہیں کی اور نہ ہی اس کیلئے تگ و دو کی،اُنہوں نے صرف اپنے عہدے اور مراعات کھانے پر توجہ دی ۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ قانون ختم نبوتﷺ پر سودے بازی یااسے چھیڑنے کا تصور بھی نہیں کر سکتے، مفتی صاحبان ان مفاد پرستوں کا محاسبہ کریں،عمران خان نے ریاست مدینہ کیلئے آواز بلند کی ہے، انشاء اللہ ان نام نہاد ٹھیکیداروں کے ہوتے ہوئے ملک کو فلاحی اسلامی مملکت بنائیں گے۔

مزید :

علاقائی -خیبرپختون خواہ -پشاور -