ٹڈی دل لاکھوں ایکڑ فصلیں کھا گئی،کسانوں کا دیوالیہ نکل گیا،مدد کی اپیل کردی

ٹڈی دل لاکھوں ایکڑ فصلیں کھا گئی،کسانوں کا دیوالیہ نکل گیا،مدد کی اپیل کردی

  

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں ٹڈی دل نے تباہی مچا دی،لاکھوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں برباد کر دیں، متاثرہ کسان حسرت و یاس کے تصویر بن گئے، حکومت سے مالی امداد کی اپیل کر دی، ٹڈی دل کے لیے این ڈی ایم اے میں ہیلپ لائنز کا آغاز ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق ٹڈی دل نے کھیت کے کھیت اجاڑ دیئے، چاروں صوبوں کے درجنوں اضلاع بری طرح متاثر ہونے لگے، لیہ میں ٹڈی دل نے ساڑھے 8 ہزار ایکٹر پر کپاس اور چارے کی فصلوں کو نقصان پہنچایا۔متاثرہ علاقوں کی سرویلنس کیلئے سرکاری اہلکاروں پر مشتمل بارہ ٹیمیں تشکیل دیدی گئیں، بھکر، کلورکوٹ میں بھی ٹڈی دل نے تباہی مچادی، انتظامیہ کی جانب سے اقدامات نہ ہونے پر کسان ڈھول بجا کر فصلوں کو کیڑے سے بچانے لگے۔رحیم یار خان اور قریبی علاقوں میں ٹڈی دل کا حملہ تیز ہوگیا، سیکڑوں دیہات میں فصلیں بری طرح متاثر ہوئیں، ہزاروں ایکڑ پر کاشت کپاس، چاول، چنا اور سبز چارے کو نقصان پہنچا۔ بہاولپور میں بھی ٹڈی دل نے تباہی مچا دی،کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں۔ مونگ پھلی، کپاس، خربوزہ، سبزیاں اور گنے کی فصلیں اجڑ گئیں۔کورونا اور ٹڈی دل کے لیے این ڈی ایم اے میں الگ الگ ہیلپ لائنز کا آغاز کردیا، عوام 24گھنٹے ان نمبروں پر فون کر کہ اپنی شکایات کا اندراج کروا سکتے ہیں۔ ترجمان این ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ ٹڈی دل کے خاتمہ کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔

فصلیں تباہ

مزید :

صفحہ اول -