مون سون اور فلڈ سیزن 15 جون سے شروع ہو گا، محکمہ موسمیات

مون سون اور فلڈ سیزن 15 جون سے شروع ہو گا، محکمہ موسمیات

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(اپنے نمائندہ سے)ڈائریکٹر جنرل پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی پنجاب فلائیٹ لیفٹیننٹ عمران قریشی کا فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن (محکمہ موسمیات) کا دورہ، ڈائریکٹر آپریشن نثار ثانی سمیت دیگر افسران بھی ہمراہ ڈی جی کے ہمراہ تھے۔چیف میٹرولوجسٹ چوہدری محمد اسلم سمیت محکمہ موسمیات کے دیگر افسران کی جانب سے بریفنگ میں بتایا گیا کہ مون سون اور فلڈ سیزن 15 جون سے شروع ہو گا جو 15 اکتوبر تک جاری رہے گا جس کے لیے فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے کنٹرول روم کو مکمل فعال کرنے کے لیے تیاریاں جاری ہیں۔چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ پچھلے سال کی نسبت رواں سال بارشیں کم ہونگی اور صوبہ پنجاب میں موسم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے 9 آٹو میٹک ویدر اسٹیشن کام کر رہے ہیں جس سے روزانہ کی بنیاد پر موسمی صورتحال سمیت پنجاب کے تمام دریاؤں اور نالوں کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے چیف میٹرولوجسٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ فلڈ فور کاسٹنگ ڈویژن کے کنٹرول روم کا دورہ بھی کیا اور الرٹ سسٹم سمیت موسمی اور دریاؤں میں پانی کے بہاو کی مانیٹرنگ کا جائزہ بھی لیا۔اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے کہا کہ عوام کو سیلاب اور دیگر آفات سے بچانے کے لئے تمام اداروں کے ساتھ کوارڈینیشن کا عمل جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مون سون اور فلڈ سیزن میں ارلی وارننگ سسٹم کے بروقت اجراء اور آگاہی سے لوگوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ 

پی ڈی ایم اے کے صوبائی کنٹرول روم سمیت فلڈ فور کاسٹنگ کے کنٹرول روم سے بھی صورتحال کی مانیٹرنگ کی جائے گی۔