بھارتی مرکزی بینک نے شرح سود میں اضافہ کردیا
نئی دہلی(این این آئی)بھارتی مرکزی بینک نے شرح سود میں لگا تار دوسرے ماہ بھی اضافہ کردیا،شرح سود 7.5فیصد سے بڑھ کر 7.75فیصد ہوگئی ۔گورنر آف بینک آف انڈیا رگھورا جن کے مطابق بھارت کے مرکزی بینک نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی پر قابو پانے کیلئے اپنے شرح سود میں اضافہ کیا ہے،مرکزی بینک نے شرح سود7.5فیصد سے بڑھاکر 7.75فیصد کردیا ہے ۔ بھارتی مرکزی بینک کے شرح سودمیں لگاتار دوسرے ماہ اضافہ ہوا ہے ۔اقتصادی شرح نمو میں کمی کے باوجود بھارت میں مہنگائی کی شرح میں مسلسل اضافہ جاری ہے جس سے بھارت میں دو ڈالر یومیہ سے کم آمدنی والی 80 کروڑ سے زائد غریب آبادی متاثر ہے جسکی ایک اہم وجہ بھارتی روپے کی قدر میں ہونے والی کمی ہے بھارتی مرکزی بینک کے اس اقدام سے روپے کی قدر میں استحکام آنے کا امکان ہے۔