کینیڈا میں دنیا کا پہلا بٹکوئن اے ٹی ایم کھول دیا گیا
وینکوور (اے پی پی) کینیڈا میں دنیا کا پہلا بٹکوئن اے ٹی ایم کھول دیا گیا۔ بٹکوئن اے ٹی ایم کی سہولت سے اب کسٹمرز اپنے سمارٹ فونز کے ذریعے کافی اور کیک کاغذ کی روایتی کرنسی کے بغیرخرید سکیں گے۔ مذکورہ اے ٹی ایم وینکوور کی ایک ویویز نامی معروف کافی شاپ پر قائم کیا گیا ہے۔ بٹکوئن اے ٹی ایم مشین کو روبو کوب نے ڈیلیور کیا ہے۔ بٹکوئن دراصل روایتی کرنسی کے متبادل انٹرنےٹ ڈیجیٹل اور ورچوئل کرنسی ہے جو 2008ءمیں کمپیوٹر سائنسدان سٹوشی ناکاموٹو نے متعارف کرائی۔اس ڈیجیٹل کرنسی کی سیکورٹی کے لئے کریپٹو گرافی استعمال کی جاتی ہے۔
جس کی نقل یا جعل سازی فی الحال ناممکن ہے ۔بٹکوئن استعمال کرنے والے ڈیجٹل والٹ رکھتے ہیں اور رقوم کی منتقلی کے لئے ڈیجیٹل دستخط جس کو ”پبلک اینکرپشن کی“ بھی کہا جاتا ہے سے تصدیق یا توثیق کی جاتی ہے۔بٹکوئن مائننگ پراسس کے ذریعے تشکیل دی جاتی ہے۔اس عمل سے فی الحال ہر دس منٹ میں 25 بٹکوئن تشکیل دئے جا سکتے ہیں۔