اسرائیل نے مزید 26 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا

اسرائیل نے مزید 26 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مقبوضہ بیت المقدس (آئی این پی)اسرائیل نے امن مذاکرات کی بحالی کے سمجھوتے کے تحت مزید 26 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ،دو بسیں قیدیوں کو لے کر مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں داخل ہوئیں،رام اللہ پہنچنے پر قیدیوں کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اسرائیل نے معطل امن مذاکرات کی بحالی کے سمجھوتے کے تحت مقبوضہ بیت المقدس کے قریب اوفر جیل میں قید 26 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا۔رہائی کے بعد دو بسیں قیدیوں کو لے کر مغربی کنارے اور غزہ کی پٹی میں داخل ہوئیں۔ قیدیوں کے استقبال کے لیے ان کے رشتے داروں اور چاہنے والوں کی بڑی تعداد موجود تھی جنھوں نے آتش بازی اور تالیاں بجا کراپنے پیاروں کوخوش آمدیدکہا، جس کے بعد انھیں رام اللہ شہر لے جایا گیا جہاں سرکاری تقریب کا اہتمام کیا گیا تھا، تقریب میں فلسطینی صدر محمود عباس نے بھی شرکت کی۔ان فلسطینی قیدیوں میں محمد نصر بھی شامل ہیں جو 29 سال تک اسرائیلی جیلوں میں قید وبند کی صعوبتیں برداشت کرتے رہے ہیں۔ ان کا خاندان اب ان کی رہائی پر جشن منانے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ ان کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ میں ایک نئی زندگی کے لیے تیار ہوں اور یہ سوچ رہی ہوں کہ ایک ایسے شخص کے ساتھ کیسے رہ سکتی ہیں جو انتیس سال ہم سے دور رہا ہے۔
انھوں نے کہا کہ جب اسرائیلیوں نے میرے خاوند کو گرفتار کیا تو اس وقت وہ جوان تھا۔ اب وہ ساٹھ سال کا بوڑھا ہو کر جیل سے باہر آ رہا ہے۔

مزید :

عالمی منظر -