چیئرمین پی سی بی تقرری کیس: اپیل کا تحریری فیصلہ جاری ، حکم امتناعی کا ذکرنہیں ، نجم سیٹھی کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر
انٹراکورٹ اپیل کے تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے کے بعد دائرتوہین عدالت کی درخواست کی سماعت جمعہ کوہوگی
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اسلام آبادہائیکورٹ نے چیئرمین پی سی بی تقرر کیس کی اپیل کا تحریری فیصلہ جاری کردیاہے اوراُس میں کسی جگہ پر حکم امتناعی کا ذکر موجود نہیں ، نجم سیٹھی کے سوشل میڈیا پر توہین آمیز زبان استعمال کرنے اور عدالتی فیصلے کے باوجود خود کو چیئرمین کہنے پر عدالت عالیہ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے جس کی سماعت جمعہ کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی کریں گے ۔ نجی ٹی وی چینل کے مطابق 29اکتوبرکو جسٹس شوکت عزیز صدیقی کے فیصلے خلاف انٹراکورٹ اپیل کاتحریری فیصلہ اسلام آبادہائیکورٹ کے دورکنی بنچ نے جاری کردیاہے ۔ایکسپریس نیوز کے مطابق تین صفحات پر مشتمل فیصلے میں کسی بھی جگہ پر نجم سیٹھی کیلئے حکم امتناعی کا ذکرموجود نہیں ، فیصلے میں پارٹی بننے اور سابق چیئرمین ذکاءاشرف سے متعلق اپیلوں کا ذکر موجود ہے ۔ جسٹس شوکت عزیز کے فیصلے کے بعد نجم سیٹھی کے سوشل میڈیا پر پیغامات کو موضوع بناتے ہوئے توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے جس کی سماعت جمعہ کو جسٹس شوکت عزیز صدیقی ہی کریں گے ۔ درخواست گزار نے موقف اپنایاکہ عدالت کی طرف سے روکے جانے کے باوجود نجم سیٹھی نے خود کو چیئرمین کہا، کام کررہے ہیں اور عدالتی احکامات کی جان بوجھ کر خلاف ورزی کی ۔ درخواست گزار کاکہناتھاکہ نجم سیٹھی نے ٹوئیٹ میں لکھاکہ کچھ مفاد پرست عناصر اُن کے خلاف ایسی خبریں چلارہے ہیں ۔