سینٹ میں اپوزیشن کا وزیرداخلہ کے رویہ کیخلاف احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے کافیصلہ

سینٹ میں اپوزیشن کا وزیرداخلہ کے رویہ کیخلاف احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے ...
سینٹ میں اپوزیشن کا وزیرداخلہ کے رویہ کیخلاف احتجاج کا دائرہ کار بڑھانے کافیصلہ

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر داخلہ کے رویے کیخلاف اپوزیشن جماعتوں نے پیر تک سینیٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کر لیا اور خبردار کیاہے کہ چوہدری نثار کے معافی نہ مانگنے پر احتجاج کا دائرہ قو می اسمبلی تک بڑھادیا جائے گا ۔ سینیٹر اعتزاز احسن کی زیر صدارت اپوزیشن جماعتوں کا مشاورتی اجلاس میں پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ ق اور اے این پی کے ارکان نے شرکت کی ۔اپوزیشن جماعتوں نے پیر تک سینیٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ کیا ہے تاہم بعض ذرائع کاکہناہے کہ جمعرات کی شام تک معافی مانگنے کیلئے چوہدری نثارعلی خان کو مہلت دی گئی ہے۔اپوزیشن کاکہناتھاکہ وزیر داخلہ کے رویے کیخلاف احتجاج کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے پیر کو قومی اسمبلی میں احتجاج کیا جائے گا اوراس ضمن میں قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ اور دیگر جماعتوں کو اعتماد میں لیا جائے گا ۔اپوزیشن کی جانب سے وزیر داخلہ چوہدری نثار کے خلاف تحریک استحقاق لانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔سینیٹر اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ وزیر داخلہ کارویہ کسی صورت قابل قبول نہیں ،وزیر داخلہ نے جمہوری روایات کی نفی کی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس میں وزیر داخلہ کی جانب سے دہشت گردی سے متعلق متضاداعدادوشمار پیش کرنے پر اعتزاز احسن کی وزیرداخلہ چوہدری نثار سے تلخ کلامی ہوئی تھی ۔

مزید :

اسلام آباد -اہم خبریں -