فیصل آباد سے برآمدات بڑھانے کیلئے تجارتی وفود بھیجنے کا عمل تیز کیا جا رہا ہے
فیصل آباد (بیورورپورٹ) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے کہا کہ فیصل آباد سے براہ راست برآمدات بڑھانے کیلئے تجارتی وفود بھیجنے کا عمل مزید تیز کیا جا رہا ہے ۔وہ سپین جانے والے تجارتی وفد کو الوداع کہنے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔یہ 11 رکنی وفد سابق صدر چوہدری محمد نواز اور انجینئر سہیل بن رشید کی سربراہی میں13روزہ دورے پر آج سپین ، فرانس ، سویڈن ،جرمنی ، سوئزرلینڈ اور اٹلی روانہ ہو رہا ہے ۔انہوں نے کہا صرف چند سال قبل ہی فیصل آباد چیمبر نے مختلف ملکوں کو تجارتی وفود بھیجنے کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔جس سے خاطر خواہ نتائج برآمد ہوئے ۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ وفد کے سربراہ انجینئر سہیل بن رشید سمیت اس وفد میں شامل 3 دوسرے ممبروں کا تعلق ڈائیز اینڈ کیمیکلز گروپ سے ہے ۔جس سے فیصل آباد کی ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل کی صنعت کو براہ راست فائدہ پہنچے گا اور وہاں کے تاجروں سے دو طرفہ تجارتی معاملات پر تبادلہ خیال کرے گا ۔ا نہوں نے جانے والے تمام ممبران کو ہار پہنانے اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔اس سے قبل سنیئر نائب صدر رانا سکندر اعظم خاں اور نائب صدر احمد حسن نے بھی سپین جانے والے ممبروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ انہیں بیرون ملک قیام کے دوران پاکستان اور پاکستان کے تاجروں کی حقیقی معنوں میں نمائندگی کرنی چاہیئے ۔بعد میں سپین جانے والے وفد نے صدر انجینئر محمد سعید شیخ سنیئر نائب صدر رانا سکندر اعظم خاں اور نائب صدر احمد حسن کے ساتھ گروپ فوٹو بھی بنوائی ۔