پی ٹی وی لاہور سینٹرکے مزاحیہ کھیل’’ نوٹنکی فیملی‘‘ کی پسندیدگی میں اضافہ
لاہور(فلم رپورٹر) پاکستان ٹیلی ویژن لاہور سینٹر سے ڈاکٹر یونس بٹ کالکھامزاحیہ کھیل’’ نوٹنکی فیملی‘‘ناظرین میں بہت پسند کیا جا رہا ہے ۔یہ کھیل مزاحیہ ہونے کے ساتھ معاشرے کی اصلاح کیلئے بھی اہم کردارادا کر رہا ہے ۔اس کا ہر کھیل ایک الگ سبق آموز کہانی لئے ہوتا ہے ۔اس مزاحیہ کھیل کو پی ٹی وی کے دو منجھے ہوئے پروڈیوسرمطلوب بلوچ اور آغا قیصر عباس پیش کر رہے ہیں اور چیئرمین پی ٹی وی عطاالحق قاسمی کے سٹوڈیوز کی رونقیں بحال کرنے کے عزم کو پورا کرنے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں ۔اس کھیل میں معروف آرٹسٹس ثنا،ماریہ زاہد،ثوبیہ خان، اشرف خان ،سلیم شیخ،نسیم وکی ، شوکت زیدی،قیصر پیا اور برال اہم کردا ر ادا کر رہے ہیں ۔ملک کے بہت سے سینئر فنکاروں نے اس مزاحیہ کھیل میں کام کیا آرٹسٹ دانش نواز کراچی سے اور نجیبہ فیض اسلام آباد سے اس ڈرامے میں اپنے فن کے جوہر دکھانے کیلئے پی ٹی وی لاہور سینٹر کے سٹوڈیو پہنچے ۔ اس پروگرام کو ڈاکٹر یونس بٹ کے دلچسپ مزاحیہ سکرپٹ اور فنکاروں کی بہترین پرفارمینس کی وجہ سے ناظرین میں بہت زیادہ پسند کیا جا رہا ہے ۔دانش نواز نے لاہور سینٹر میں کام کرنے کے بعد اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ پہلی دفعہ لاہو سینٹر آئے ہیں مگر انہیں یہاں کا پروفیشنل ماحول دیکھ کر یوں لگا جیسے وہ یاور حیات کے دور میں کام کر رہے ہیں ۔ جنرل منیجر لاہور سینٹر بشارت خان اورپروگرام منیجرافتخار ورک بھی پروڈیوسرز اور آرٹسٹ کی حوصلہ آفزائی کرتے ہوئے نظر آئے۔
علیم چوہدری اور اکمل جعفری نے اس ڈرامے کی پروڈکشن میں پروڈیوسرز کی معاونت کی ۔نوٹنکی فیملی سوموار رات آٹھ بجے پی ٹی وی ہوم سے نشر کیا جاتا ہے ۔