29ویں عالمی نیورو سرجری کانفرنس 4 نومبر سے شروع ہوگی

29ویں عالمی نیورو سرجری کانفرنس 4 نومبر سے شروع ہوگی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(خبرنگار)پاکستان سوسائٹی آف نیوروسرجنز کے زیراہتمام 29ویں عالمی نیورو سرجری کانفرنس لاہور جنرل ہسپتال کے شعبہ نیورو سرجری کے تعاون سے 4تا6نومبر صوبائی دارالحکومت میں منعقد ہو گی۔ کانفرنس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے چیئرمین پروفیسر آف نیورو سرجری ڈاکٹر خالد محمود نے بتایا کہ اس تین روزہ کانفرنس میں امریکہ ، انگلینڈ، سعودی عرب، جاپان اور سپین سے تعلق رکھنے والے غیرملکی ڈاکٹرز کے علاوہ پاکستان کے نیورو سرجری کے شعبے کے ممتاز ماہرین بھی موضوع پر خصوصی لیکچر دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ 4نومبر کو لاہور جنرل ہسپتال میں نو تعمیر شدہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف نیورو سائنسزمیں عالمی معیار کے مطابق قائم کی گئی سکل لیب میں نوجوان ڈاکٹروں کے لیے تربیتی ورکشاپ منعقد کی جائے گی جس میں انہیں نیورو سرجری کی جدیدتکنیک سے روشناس کرایا جائے گا۔ اس تربیتی ورکشاپ میں نوجوان ڈاکٹرز کو ناک کے ذریعے اینڈو سکوپی کے استعمال سے دماغ کا آپریشن، بغیر آپریشن کے خون کی نالی بند کرنا اور ریڑھ کی ہڈی کا جدیدطریقہ علاج سے آپریشن کرنے کے بارے میںآگاہی فراہم کی جائے گی۔ پروفیسر خالد محمود نے کہا کہ کانفرنس جس میں 250کے قریب مندوبین شرکت کر یں گے، میں 50سے زائد تحقیقی مقالے پڑھے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا مقصد دنیا بھر میں نیورو سرجری کے شعبے میں ہونے والی جدید تحقیق کے بارے معلومات کو عام کرنا اور نوجوان ڈاکٹروں کو اس بارے میں نئے اور زیادہ موثر طریقہ علاج اپنانے کی طرف مائل کرنا ہے ۔مذکورہ کانفرنس کے انعقاد سے نوجوان ڈاکٹروں کے علم میں اضافہ ہو گا اور جدید طریقہ علاج کے عام ہونے سے نیورو سرجری کے مریضوں کو بھی آسانی و سہولت فراہم ہو گی۔