کشمیریوں پر بدترین ظلم پر امریکہ و یورپی ممالک نے مذمت تک نہ کی، علامہ حسین احمد
لاہور(نمائندہ خصوصی)جمعیت علماءِ اہلسنت پاکستان کے زیر اہتمام منعقدہ کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قائد اہلسنت علامہ حسین احمد اعوان سیکرٹری جنرل نظریہ پاکستان فورم آزاد کشمیر ملک شہزاد احمداعوان، مولانا محمد اقبال جہلمی،رشید احمد اعوان ، حافظ ضیاء الرحمن فاروقی، مولانا حکیم عبد الرحمن جامی ، مفتی محمد صدیق ، قاری محمد اسلم صدیقی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانی حقوق کا دعویٰ کرنے والوں کو کشمیر پر بھارتی مظالم نظر کیوں نہیں آرہے کیا وہ اندھے ہو چکے ہیں ؟انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کا نام لیکر چیخنے والی این جی اوز اور عالمی ادارے ،اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کشمیر پر بھارتی مظالم کیوں نظر نہیں آتے؟ کیا کشمیری انسان نہیں یا انکاقصور یہ ہے کہ وہ مسلمان ہیں انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا خون پانی کی طرح بہایا جارہا ہے ادھر انسانی حقوق کا چمپین امریکہ و یورپی ممالک کو مذمت تک کی فرصت نہیں ملی انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ و سلامتی کونسل صرف یہودی کے مفادات کیلئے بنی ہے وہاں پر مسلمانوں کو انصاف نہیں مل سکتا۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل نہ ہونا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے اقوام متحدہ مسئلہ کشمیر کو اپنی قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے ۔جے یو اے کے راہنماؤں نے کہا کہ کشمیر ہمارا ہے اور سارے کا سارا ہے اور وہ دن دور نہیں جب کشمیر بھارت سے آزاد ہوکر پاکستان سے آملے گا اور اس دن کو طلوع ہونے سے دنیا کی کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔