ڈیفنس،ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی اے کے ملازم کے قتل کا معمہ حل ہوگیا
لاہور(وقائع نگار)ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی اے کے ملازم کے قتل کا معمہ حل ہوگیا۔24 سالہ زاہد کو ساتھی ملازم نے معمولی تلخ کلامی پر قتل کیا تھا۔پولیس کے مطابق ڈیفنس سی میں دو روز قبل فیز 8 میں ڈپٹی ڈائریکٹر پی آئی اے اسد بخاری کے ملازم کو گھر کی دہلیز پر قتل کردیا گیا تھا۔ 24 سالہ زاہد کے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔ زاہد کواس کے ساتھی ملزم امتیاز نے معمولی تلخ کلامی پر موت کے گھاٹ اتاردیا تھا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کرکے اس سے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے جبکہ ملزم نے بھی اعتراف جرم کرلیا ہے۔پولیس نے مقتول کے بھائی جاوید کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے لاش پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردی جو اسے لیکر آبائی شہر جھنگ چلے گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزم سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے ۔