وزیر داخلہ حلف کی پاسداری نہ کرنیوالوں کو کٹہرے میں لائیں،خرم نواز
لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے چودھری نثار کی پریس کانفرنس پر اپنے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فوج کو بدنام کرنے کی خبر کے پیچھے وزیراعظم اور ان کے درباری ہیں۔ وزیر داخلہ حقائق مسخ نہیں کر سکتے۔ چودھری نثار واضح کریں ان کی سیاست کرپٹ وزیراعظم کیلئے ہے یا پاکستان اور اس کے عوام کیلئے۔ پانامہ لیکس ،سرل لیکس اور سانحہ ماڈل ٹاؤن کے پیچھے شریف برادران ہیں اور اب ان کے جرائم پر کوئی مٹی نہیں ڈال سکتا۔گزشتہ روز انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرل لیکس براہ راست پاکستان کی سلامتی پر حملہ ہے اور یہ سب کچھ وزیراعظم ہاؤس کے اندر ،وزیراعظم کی مرضی سے ، وزیراعظم کی ناک کے نیچے ہوا۔وزیر داخلہ نے کتنی معصومیت کے ساتھ کہہ دیا کہ پرویز رشید کو خبر رکوانی چاہئے تھی ۔یہ صرف خبر نہ رکوانے کا جرم نہیں بلکہ افواج پاکستان کو پوری دنیا کے اندر بدنام کرنے کی سوچی سمجھی سازش تھی جس کے منصوبہ ساز وزیراعظم اور سہولت کار پرویز رشید اور دیگر افسران ہیں۔انہوں نے کہا کہ چودھری نثار نے ایک سنگین معاملے پر مٹی ڈالنے کی کوشش کی مگر اب مٹی نواز شریف کی سیاست پر پڑ کر رہے گی۔