سرگودھا، 4 دہشتگرد گرفتار، خود کش جیکٹس اور ایک پسٹل برآمد

سرگودھا، 4 دہشتگرد گرفتار، خود کش جیکٹس اور ایک پسٹل برآمد

سرگودھا(بیورو رپورٹ) سی ٹی ڈی سرگودھا نے جنرل بس اسٹینڈ کے قریب واقع آبادی عمر پارک سے 4 مبینہ دہشتگردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے چار خود کش جیکٹیں اور ایک پسٹل برآمد کر کے انہیں تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق چاروں دہشتگرد سرگودھا سمیت مختلف شہروں میں دہشتگردی کی وارداتیں کرنا چاہتے تھے، پکڑے جانے والوں میں دوست محمد، عبدالکریم، ممتاز خان، داؤد جان ساکن ممند ایجنسی کے پی کے شامل ہیں، جن کا تعلق دہشتگرد تنظیم ٹی ٹی پی سے بتایا جاتا ہے۔ سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ملزموں سے برآمد ہونے والی خود کش جیکٹیں انتہائی مہلک اور غیر ملکی ساختہ ہیں، دہشتگردوں سے سی ٹی ڈی کی اعلیٰ سطحی ٹیم تفتیش میں مصروف ہے۔پکڑے جانے والوں سے مزید تفتیش کیلئے انہیں آج انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کر کے ان کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔سی ٹی ڈی ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ دہشتگرد دو نومبر کو اسلام آباد جانے والی ریلیوں اور پنجاب کے متعدد شہروں میں دہشتگردی کا منصوبہ بنائے گئے تھے، جن سے تفتیش کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے۔

دہشتگرد گرفتار

مزید : صفحہ آخر