پولو ان پنک بائی ہیپی کاؤ چیزٹورنامنٹ گارڈ گروپ کے نام

پولو ان پنک بائی ہیپی کاؤ چیزٹورنامنٹ گارڈ گروپ کے نام

لاہور (سپورٹس رپورٹر)لاہور پولو کلب کے زیراہتمام پولو ان پنک بائی ہیپی کاؤ چیزٹورنامنٹ گارڈ گروپ نے زبردست مقابلے کے بعد جیت لیا۔ فائنل میں ایڈیسیو کو 8-7 سے شکست دیدی جبکہ سب سڈری فائنل میں ایم ایم ایس نے اولمپیاء کو 11-3 سے شکست دیدی۔فائنل دیکھنے کیلئے تماشائیوں کی ایک بہت بڑی تعداد گراؤنڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر شوکت خانم ہسپتال اور ہیپی کاؤ چیز نے مختلف سٹالز بھی لگا رکھے تھے تاکہ خواتین میں بریسٹ کینسر کے حوالے سے آگاہی دی جا سکے۔ فائنل کے مہمان خصوصی انیس الرحمان باڑی ایم ڈی صبیحہ انیس ، صبحیہ انیس الرحمان باڑی، نفیس باڑی چیف ایگزیکٹو ہیپی کاؤ چیز اور چیف میڈیکل آفیسر شوکت خانم ڈاکٹر عاصم یوسف تھے۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عرفان علی حیدر، ممبرز ایگزیکٹو کمیٹی عمر نیازی، آغا نجیب، احمد نواز ٹوانہ، اعظم حیات نون اور سیکرٹری کرنل (ر) شعیب آفتاب بھی موجود تھے۔ فائنل میں زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پہلے چکر میں ایڈیسیو کی طرف سے علی الٰہی نے گول سکور کردیا جبکہ گارڈ گروپ کی طرف سے احمد علی ٹوانہ نے پہلے چکر میں ہی اسے برابر کردیا۔ دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ گارڈ گروپ کی طرف سے احمد نواز ٹوانہ نے چار گول اور تیمور علی ملک نے تین گول سکور کیے۔ ہارنے والی ٹیم ایڈیسیو کی طرف سے نوجوان کھلاڑی علی الٰہی نے چار گول سکور کیے۔ قبل ازیں سب سڈری فائنل میں ایم ایم ایس نے اولمپیاء کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 11-3 سے شکست دیدی۔ ایم ایم ایس کی طرف سے میاں حسین افتخار اور اعظم حیات نون نے چار چار گول سکور کیے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی