قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے ،دہشتگردی کیخلاف بل تفریق کارروائی ہونی چاہیے :آصف زرداری
لندن (اے این این) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی ٗ دہشت گردوں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہونی چاہیے ۔ گزشتہ روز یہاں سابق وزیر داخلہ رحمان ملک نے آصف زرداری سے ملاقات کی جس میں سیکورٹی لیکس کے معاملے کے بعد ملک میں پیدا ہونے والی سیاسی صورت حال پر تفصیلی مشاورت کی گئی جبکہ دونوں رہنماوں نے ملک میں بگڑتی ہوئی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا، ملاقات میں کوئٹہ میں پولیس ٹریننگ سینٹر پر ہونے والے حملے اور کراچی میں فائرنگ کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتی، پورے ملک میں دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیازکارروائیاں ہونی چاہئیں جبکہ ملک کو افہام و تفہیم سے موجودہ صورتحال سے نکالنا ہوگا، پیپلز پارٹی پاناما لیکس کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی چاہتی ہے۔