’’مسافر شب کو اٹھتاہے۔۔۔جو جانا دور ہوتا ہے‘‘
لاہور(سٹی رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت صوبے کے عوام کو ہسپتالوں میں علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے تعطیل کے روز بھی چارگھنٹے طویل اجلاس ہوا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے عوام کوعلاج معالجہ کی معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے اجلاس کے دوران دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے فعال اورمتحرک انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں اضلاع اور ہسپتالوں میں تعینات افسروں کو ازخود صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں اور مریضوں کو ہسپتال میں طبی سہولتوں کی فراہمی میں متعلقہ ایم ایس کا کرداربنیادی اہمیت کا حامل ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہیلتھ کےئر سسٹم کو خوب سے خوب تر بنانے کیلئے وسائل کی کوئی کمی نہیں ۔ہمیں مریضوں کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تیزی سے اقدامات کرنے ہیں اوراس ضمن میں متعلقہ محکموں اور ہسپتال انتظامیہ کو متحرک انداز میں فرائض سرانجام دینے چاہئیں کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں۔ وزیراعلیٰ نے خلق خدا کی خدمت کیلئے محنت اورعزم کے ساتھ فرائض سرانجام دینے پر زوردیتے ہوئے یہ شعر پڑھا۔
’’مسافر شب کو اٹھتاہے ۔۔۔جو جانا دور ہوتا ہے‘‘