اولیاء کے پیغام محبت و اخلاق سے اسلام کوفروغ ملا ‘ جاوید ہاشمی
ملتان (سٹی رپورٹر) بزرگان دین اور اولیاء اللہ نے محبت ، اخلاق اور رواداری جو پیغام ہم تک پہنچایا اسی کا فیضان ہے کہ دین اسلام دنیا کے کونے کونے تک پہنچا اور دوسرے مذاہب کے لوگ بھی اس سے سرفراز ہوئے آج بھی اس امر کی اشد ضرورت ہے کہ بھائی چارے کے فلسفے کو عام کیا جائے۔ خانقاہیں اور اولیاء اللہ کی درگاہیں آج بھی امن و آشتی کا پرچار کرتی نظر آتی ہیں۔ یہ ہمارا ظرف ہے کہ ہم ان کے بتائے ہوئے راستے سے کتنا فائدہ اٹھاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار سینئر سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی نے برصغیر پاک و ہند کے مشہور روحانی پیشوا خواجہ صوفی اللہ داد سہوتہ کے 129 ویں سالانہ عرس کے دوسرے روز کی تقریبات سے خطاب کے دوران کیا ۔ حضرت خواجہ صوفی اللہ داد ؒ کے مزار واقعہ شیخ فاضل بورے والا میں چادر پوشی کے بعد مخدوم جاوید ہاشمی نے پاکستان میں جاری حالات کی بہتری کے لئے خصوصی دعا بھی کروائی ۔ اس موقع پر معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب برائے مذہبی امور و اوقاف سجادہ نشین درگاہ اقدس خواجہ نور محمد سہو رہنما مسلم لیگ ( ن ) امیر اللہ شیخ کے علاوہ زائرین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ آخر میں محفل سماع اور پھر لنگر کا انتظام بھی کیا گیا۔