الیکشن 2018میں عوام اے این پی کی سیاست کو دفن کر دینگے :شاہ فرمان

الیکشن 2018میں عوام اے این پی کی سیاست کو دفن کر دینگے :شاہ فرمان

پشاور (سٹاف رپورٹر) خیبرپختونخوا کے وزیربرائے آبنوشی شاہ فرمان نے کہاہے کہ عوامی نیشنل پارٹی نے ہمیشہ پختونوں ،اسلام اورپاکستان کے خلاف بات کی ہے اور پاکستان کے دشمن ہمیشہ ان کے دوست رہے ہیں لیکن 2018 کے الیکشن میں خیبرپختونخوا کے عوام اے این پی کی سیاست کوہمیشہ کے لئے دفن کردیں گے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے مانکی شریف نوشہرہ میں ضلع ناظم نوشہرہ لیاقت خان خٹک کی زیرصدارت پاکستان تحریک انصاف کے منعقد ہونے والے بہت بڑے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک ، ایم این اے عمران خٹک ،صوبائی وزیر میاں جمشید الدین کاکاخیل اور اراکین صوبائی اسمبلی خلیق الرحمن ،ادریس خان نے بھی خطاب کیاجبکہ سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی اسد قیصر بھی اس موقع پر موجود تھے۔شاہ فرمان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا کے عوام کو بنیادی سہولتیں جیسے تعلیم، صحت فراہم کیں پورصوبے کانظام ٹھیک کیا اورعمران خان کی قیادت میں پورے ملک سے کرپشن کے خاتمہ کے لئے جدوجہد کررہے ہیں اور2 نومبر کو یہ جدوجہد کامیاب ہوگی۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ کو مانکی شریف نوشہرہ میں کامیاب جلسہ کرنے پر مبارکباد بھی دی۔ ممبران صوبائی ااسمبلی میاں خلیق الرحمان اورادریس خان نے بھی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مانکی شریف کے جلسے نے ثابت کردیا ہے کہ نوشہرہ کے عوام تحریک انصاف کے ساتھ ہیں۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر