خیبرپختونخوا پولیس کی تبدیلی کے نرالے رنگ ،مدعی کو ذاتی دشمنی کی دھمکیاں

خیبرپختونخوا پولیس کی تبدیلی کے نرالے رنگ ،مدعی کو ذاتی دشمنی کی دھمکیاں

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور(عمران رشید)خیبر پختونخوا پولیس کی نرالی تبدیلی نے بیوی اور بیٹے کی تلاش میں سرگرداں شہری کو انتہائی اذیت میں مبتلا کر دیا، پولیس اہلکاروں نے مدعی سے پیسے لے کر اسی کے سامنے زیر حراست ملزم کو ہتھکڑیاں کھول کر چائے پلا دی، مدعی کو گالیوں اور بے عزتی سے تواضع کرنے کے بعد ذاتی دشمنی کی دھمکی بھی دے دی، بیوی اور بیٹے کو مبینہ طور پر ورغلا پھسلا کر اغواء کرنے والے ملزمان کے خلاف ایک تو ایف آئی آر فریاد کے برعکس درج کی گئی جبکہ پولیس کا تفتیشی افسر ملزمان کے ساتھ دوستی نبھاتے ہوئے پیسے لے کر راضی نامے کیلئے دباؤ بھی ڈال رہا ہے۔ بخشو پل چارسدہ روڈ پشاور کے رہائشی سید عرفان شاہ نے پولیس کے عوام دوست ہونے کے پول کھول دیئے، پولیس سربراہ سمیت اعلیٰ افسران تک کو شکایات بے سود ثابت ہوئیں، فریادی سید عرفان شاہ کے مطابق اس کی بیوی مسماۃ ثانیہ اپریل 2015ء میں گھر سے ڈھائی سالہ بیٹے، طلائی زیورات اور نقدی سمیت غائب ہو گئی، وہ رپورٹ درج کرانے پولیس اسٹیشن خزانہ گیا لیکن ایف آئی آر درج کرنے کے بجائے اسے ٹرخا دیا گیا، 2 ہفتوں کی کوششوں کے بعد وہ ایف آئی آر درج کرانے میں کامیاب ہوا، جبکہ ایف آئی آر بھی پولیس نے اپنی مرضی سے درج کی اور مبینہ اغواء میں ملوث تمام ملزمان پر دعویداری قبول نہیں کی، اس کے بعد پولیس نے کیس میں کوئی دلچسپی نہیں لی، اس نے بیوی اور بیٹے کی بازیابی کیلئے آئی جی پولیس ناصر درانی کو ایس ایم ایس پر شکایت کی، پولیس سربراہ کے نوٹس لینے پر تھانہ خزانہ پولیس کا تفتیشی افسر اس پر بہت برہم ہوا، تھانے بلا کر بہت گالیاں دیں اور توہین کی، مدعی کے مطابق تفتیشی افسر نے اس سے کہا کہ جاؤ اپنی بیوی اور بیٹا خود تلاش کرو، اس نے پولیس کے خراب روئیے کی شکایت ایس ایس پی انوسٹی گیشن، ایس ایس پی آپریشنز اور سی سی پی او کو بھی شکایت کی اور پولیس کے افسران سے ملاقاتیں کر کے ان کو صورتحال سے آگاہ بھی کیا، تمام تر کوششوں کے باوجود ابھی تک اس کی بیوی اور بیٹا بازیاب نہیں ہو سکے، جبکہ اس دوران پولیس نے لاہور سے دو ملزمان کو گرفتار بھی کیا، جن میں سے ایک ملزم کی گرفتاری پر اسے تھانہ خزانہ کے تفتیشی افسر نے تھانے بلایا اور اس کی انتہائی توہین کی، جس کے بعد زبردستی پیسے لے کر دودھ منگوایا اور چائے بنا کر اس کے سامنے زیر حراست ملزم کی ہتھکڑیاں کھول کر چائے پلائی، سید عرفان شاہ کے مطابق پولیس افسر نے اس پر پیسے لے کر ملزمان سے راضی نامہ کرنے کیلئے بھی شدید دباؤ ڈالا جبکہ بیوی اور بیٹے کی بازیابی کیلئے دوبارہ کسی کوشش کی صورت میں ذاتی دشمنی کی دھمکیاں بھی دیں۔