شہریوں کوشرپسندعناصر کے رحم وکرم پرچھوڑدیا گیا۔ پرویز مشرف
کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق صدرمملکت اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر)پرویز مشرف نے کہا ہے کہ شہریوں کو مذہبی رسومات کی آزادی کی فراہمی اوردوران عبادت ان کی بھرپور حفاظت یقینی بناناریاست کافرض ہے۔بدعنوانی میں ملوث اورداخلی بحرانوں سے دوچارحکومت نے شہریوں کوشرپسندعناصر کے رحم وکرم پرچھوڑدیا ۔پولیس اورایف سی سے سیاسی کارکنان کیخلاف کریک ڈاؤن کی بجائے امن وامان برقراررکھنے کیلئے کاکام لیاجاتا توشاید یہ سانحہ رونمانہ ہوتا۔پولیس کوسیاسی مقاصداورمفادات کیلئے استعمال کرناماورائے آئین اقدام ہے،حکومت کی اس مجرمانہ روش نے شہریوں اورشہروں کو غیرمحفوظ کردیا۔ہم غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں ۔انہوں نے سانحہ کراچی پراپنے شدیدغم وغصہ کااظہارکرتے ہوئے حکومت پرزوردیاکہ شرپسندعناصر کوفوری کیفرکردارتک پہنچایا جائے۔وہ اے پی ایم ایل کے قائدین اورکارکنان سے فون پر گفتگو کررہے تھے۔اس گفتگومیں اے پی ایم ایل کے مرکزی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمدامجدچودھری،اے پی ایم ایل اوورسیز کے مرکزی صدرافضال صدیقی،اے پی ایم ایل برطانیہ کے مرکزی صدرسعیدبھٹی ،سیکرٹری جنرل چودھری تبریزاورا، سیکرٹری اطلاعات سیّدشان عباس عابدی ،نائب صدور سیّدمدبربخاری اورسیّدنایاب زیدی ،عمران طاہررضوی ،قاضی طارق،وقاص مرزا اورقاسم ہمدانی بھی شریک تھے۔اس دوران جاں بحق ہونیوالے افراد کے بلندی درجات جبکہ پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دعا کی گئی۔ پرویز مشرف نے مزید کہا کہ شہرقائدؒ میں مجلس عزاپرشرپسندعناصرکی شدیدفائرنگ کے نتیجہ میں چاربھائیوں سمیت پانچ قیمتی انسانی جانوں کاضیاع ایک بڑاسانحہ ہے ۔ ا من وامان کی بحالی وفاقی اور سندھ کی صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست کیوں نہیں۔حکمرانوں کاشرپسندوں کی سرکوبی پرفوکس کرنے کی بجائے سیاسی قوتوں کے ساتھ محاذ کھولناناقابل فہم ہے۔