فلسطینی حملہ آوروں کے مکان منہدم کردیئے جائیں،اسرائیلی وزیردفاع

فلسطینی حملہ آوروں کے مکان منہدم کردیئے جائیں،اسرائیلی وزیردفاع

تل ابیب(این این آئی)اسرائیلی وزیردفاع ایویگدور لیبرمن نے کہا ہے کہ وہ جان لیوا حملوں میں ملوث فلسطینیوں کے مکانات گرانے کی پالیسی میں توسیع چاہتے ہیں۔ اسرائیلوں کو شدید زخمی کرنے والوں کے مکانات بھی گرانا چاہیئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سخت گیر موقف کے حامل سمجھے جانے والے اسرائیلی وزیردفاع ایویگدور لیبرمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ ایسے فلسطینی جو اسرائیلی شہریوں پر جان لیوا حملوں میں ملوث ہوں ان کے مکانات کے ساتھ ساتھ ایسے حملوں کی منصوبہ بندی کرنے والوں کے مکانات بھی منہدم کرنے چاہیئیں، جو اسرائیلی شہریوں کو شدید زخمی کرتے ہیں۔لیبرمان کے بیان کے مطابق فوج اور وزارت دفاع کو احکامات جاری کیے گئے ہیں کہ وہ اسرائیلی شہریوں کو زخمی کرنے والے دہشت گردانہ حملوں میں ملوث فلسطینیوں کے مکانات کے انہدام کے امکانات کا بھی جائزہ لیں۔ان کی جانب سے بیان میں مزید کہا گیا کہ خون ریز کارروائیاں کرنے والے حملہ آوروں کے مکانات کا انہدام ایک آزمودہ اور کارگر نسخہ ہے، جس کے ذریعے دہشت گردی اور اس کی منصوبہ بندی کا انسداد ممکن ہے۔لیبرمن کے مطابق کوئی ایسا حملہ جس میں کوئی قتل ہو اور کوئی ایسا حملہ جو کسی شخص کو شدید زخمی کرنے کا موجب بنے، دونوں میں کوئی فرق نہیں رکھا جانا چاہیے۔ دونوں صورتوں میں دہشت گردوں کے مکانات گرا دیے جائیں۔

مزید : عالمی منظر