کشمیری عوام بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کررہے ہیں ، امانت علی تارڑ

کشمیری عوام بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کررہے ہیں ، امانت علی تارڑ

جوہانسبرگ(بیورورپورٹ)جماعت اسلامی جنوبی افریقہ کے رہنما امانت علی تارڑنے کہا ہے کہ کشمیری عوام گزشتہ 70 سال سے بھارتی ظلم و بربریت کا سامنا کررہے ہیں مگر آج تک انہیں آزادی نصیب نہیں ہوئی۔ اس کی سب سے بڑی ذمہ داری حکومت پاکستان پر عائد ہوتی ہے جنہوں نے اس مسئلہ پر مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا۔امانت علی تارڑنے کہاکہ بھارتی جبرواستبدار کشمیریوں کو جذبہ آزادی سے پیچھے نہیں ہٹا سکتا ،کشمیر یوں کو ان کی قربانی اور جدوجہد پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ کشمیریوں کو ان کا حق دلائے بغیر عالمی ادارے اور دنیا خود کو مہذب اور انصاف پسند کہلوانے کا حق نہیں رکھتے، بھارتی افواج کی مقبوضہ کشمیر میں موجودگی عالمی اداروں کیلئے چیلنج ہے، امانت علی تارڑ نے پاکستانی نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ بھی کشمیری بھائیوں کو آزادی دلوانے میں اپنا سیاسی ،اخلاقی اور مالی کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیریوں پر بھارتی تسلط کے70 سال ہونے پر ’’یوم سیاہ‘‘ کے موقع پر پریٹوریا میں یو این او کے دفتر کے سامنے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

مزید : عالمی منظر