میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک کیس، 1ملزم کی درخواست ضمانت دائر

میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک کیس، 1ملزم کی درخواست ضمانت دائر

لاہور(نامہ نگار)میڈیکل انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک آؤٹ کرنے والے 8ملزموں میں سے ایک ملزم انعام الرحمن نے ماڈل ٹاؤن کچہری میں درخواست ضمانت دائر کر دی ہے۔میڈیکل کا انٹری ٹیسٹ کا پرچہ لیک آؤٹ کرنے والے ملزمان میں سے ایک ملزم انعام الرحمن نے سردار عثمان کھوسہ ایڈووکیٹ کی توسط سے درخواست ضمانت دائر کی ہے ،جوڈیشل مجسٹریٹ سعدیہ سلطانہ نے انعام الرحمن سمیت 3ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پولیس نے ملزمان کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا ہے،انٹری ٹیسٹ کا پرچہ یونیورسٹی ہیلتھ سائینسزسے لیک آؤٹ ہوا،گرفتار ملزمان کا تعلق ڈیرہ غازی خان، مظفر گڑھ اور ملتان سے ہے،پرچہ یونیورسٹی سے لیک آؤٹ ہو کر ملتان، مظفر گڑھ اور ڈیرہ غازی خان کیسے پہنچا،پرچہ لیک آؤٹ کرنے میں یونیورسٹی انتظامیہ شامل ہے، ملزم کے وکیل نے عدالت درخواست میں استدعا کی کہ ملزم کی درخواست ضمانت منظور کی جائے۔

مزید : علاقائی