پی ٹی آئی نے عوام کو سیاسی شعور دیا،کھرے اور کھوٹے کی تمیز ممکنہو گئی :محمود خان

پی ٹی آئی نے عوام کو سیاسی شعور دیا،کھرے اور کھوٹے کی تمیز ممکنہو گئی :محمود ...

مٹہ ( نمائندہ پاکستان )صوبہ خیبر پختونخواہ کے صوبائی وزیر آبپاشی وکھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہاکہ پاکستان تحریک انصاف نے عوام میں سیاسی شعور پیدا کیا اور اب عوام کیلئے کھرے اور کھوٹے کی تمیز کرنا ممکن ہوا ہے انہوں نے مذید کہا کہ صوبائی حکومت نے مخالف سیاسی قوتوں کی ہر سازش بری طرح ناکام بنادی ہے اور صوبے کی تعمیر وترقی سمیت امن وامان قائم رکھنے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سین پوڑہ اور توتکے مٹہ سوات میں شمولیتی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر اے این پی اور مسلم لیگ(ن) کے سرکردہ اور اہم کارکنان جن میں نوشیروان‘بخت شیر‘ہمایون خان‘محمد نعیم خان‘امیر زیب خان‘منیر خان‘میاں رحمت شاہ‘زکریا اور گل بر خان نے اپنے اپنے خاندانوں سمیت سینکڑوں ساتھیوں کے ہمراہ اپنی سیاسی پارٹیوں سے مستعفی ہوکر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ ان شخصیات کی شمولیت سے تحصیل مٹہ میں اے این پی اور مسلم لیگ کو زبردست دھچکا لگا ہے اور پاکستان تحریک انصاف ایک مظبوط قوت بن گئی۔صوبائی وزیر محمود خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کے غیور عوام پی ٹی آئی کے پرچم تلے متحدہ ہوکر ملک کی سلامتی بقاء اور استحکام سمیت کرپشن کے خلاف پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے قیادت میں جاری جدوجہد کو منتقی انجام تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست کا بنیادی مقصد غریب عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لانا ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت نے وزیر اعلیٰ پر ویز خٹک کی قیادت میں صوبے کے دور دراز پسماندہ علاقوں کو ترقی سے ہمکنار کرنے اور محروم طبقوں کے مسائل حل کرنے کیلئے ریکارڈ توڑ عملی اقدامات اٹھائے ہیں اور ان ہی عوام دوست پالیسیوں کے باعث آج دوسری سیاسی جماعتوں کے کارکنان جوق درجوق پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کررہے ہیں۔محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی میں سب لوگ برابر ہیں اوراب وہ دور ختم ہوچکا ہے کہ خان خوانین غریب کو اپنا غلام سمجھتے تھے انہوں نے واضح کیا کہ سیاست کے آڑ میں خان ازم نہیں چلنے دیں گے۔اس موقع پر انہوں نے علاقے کی تعمیر وترقی کیلئے مختلف منصوبوں کی منظوری کا بھی اعلان کیا۔

مزید : پشاورصفحہ آخر