وادی نیلم کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آ گیا ،سردارعتیق

وادی نیلم کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آ گیا ،سردارعتیق

مظفرآباد(بیورورپورٹ)آل جموں وکشمیر مسلم کانفرنس کے صدر وسابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ وادی نیلم کے عوام نے تحریک آزادی میں شاندار کردار ادا کرتے ہوئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔اب وادی نیلم کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھنے کا وقت آ گیا ہے۔انہیں وسائل اور ترقی کے عمل میں بھر پور شریک کرنا وقت کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ اپر نیلم پانچ روزہ دورہ کے دوران جاناوائی،پھلا وائی،سوناڑ،ہلمت،تاؤ بٹ،مرناٹھ،سرداری اور دیگر مقامات پر مسلم کانفرنس کی کارنر میٹنگوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا جس جرأت کے ساتھ وادی کے عوام نے مقابلہ کیا ہے اس کی مثال کم ہی ملتی ہے۔بھارت نے ہمیشہ فرسٹریشن اور غصہ سیز فائر لائن کے نہتے عوام پر اتارا ہے مگر عوام نے صبروحوصلے سے ہر جارحیت کا مقابلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی نیلم سیاحوں کی جنت اور حکومت کو اس وادی کو ہنگامی بنیادوں پر سہولیات سے میسر کرنا چاہیئے۔انفراسٹریکچر کے ساتھ ساتھ وادی کے وسائل کا بڑا حصہ بھی اس پر صرف ہونا چاہئے تاکہ خطہ ترقی کی دوڑ میں پوری طرح شریک ہو سکے۔سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ حکومت لائن آف کنٹرول کے مکینوں کو پختہ بنکر فراہم کرے تاکہ لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے والے محفوظ زندگی بسر کر سکیں اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول کے قریب بسنے لوگوں کو صحت کی سہولیات پہنچانے کیلئے حکومت ہنگامی اقدامت اٹھائے۔وادی کے وسائل سمگل ہونے سے روکنے کے لئے جامع حکمت عملی طے کی جائے۔سردار عتیق احمد خان نے کارکنوں کے مطالبے پر کہا کہ حکومت گزشتہ چھ سالوں سے التواء کا شکار،آفات سماوی کے کیسز فوری یکسو کیے جاائیں۔سردار عتیق احمد خان نے مزید کہا کہ پاکستان میں نواز لیگ نے اداروں سے ٹکراؤ کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ن لیگ جلد ہی صفحہ حستی سے مٹ جائے گی،پاکستان موجودہ جمہوریت کا متحمل نہیں ہو سکتا،جمہوریت کے نام پر عوامی دشمنی کے اقدامات کیے گئے ملکی استقام کے لئے نظام میں بنیادی تبدیلیاں ناگزیر ہیں،دفاعی اور سیاسی قوتوں کی تال میل وقت کی اہم ضرورت ہے،کشمیر کے محاذ پر ہندوستان کا خواب کبھی پورا نہیں ہونے دیں گے۔ہندوستان نے پاکستانی فوج سے خائف ہو کر سیاستدانوں سے دوستیاں کر لی ہیں ،کبھی سیاسی جماعتوں نے ملک کی وحدت کی سنگین نقصان پہنچایا،مقبوضہ کشمیر کی بگڑتی صورتحال تشویش ناک ہے عالمی برادری اپنی قراردادوں پر عملدرآمد کروائے،کشمیری عوام اپنے حق کے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت آزاد کشمیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرے اور بلدیاتی الیکشن کروائے،مسلم کانفرنس پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی،بلدیاتی انتخابات کے لئے بنائی گئی حد بندیوں پر تحفظات فوری دور کئے جائے تاکہ بلدیاتی الیکشن جلد از جلد ہو سکیں۔اس سے قبل صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان جاناوائی،پھلا وائی،سوناڑ،ہلمت،تاؤ بٹ،مرناٹھ،سرداری اور دیگر مقامات شاندار استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق وزیر حکومت پیر سید غلام مرتضیٰ گیلانی،دیوانی علی خان چغتائی،شمیم علی ملک،راجہ ثاقب مجید،میر عتیق الرحمن،خواجہ محمد شفیق،مفتی منصورالرحمن،سید صداوقت شاہ،یاسر کاظمی،انصر پیرشادہ،یاسر نقوی،راجہ زاہد،وحید مغل،سجاد انور عباسی،راجہ طفل،شیریار شفیق،راجہ احسان حیدر،خواجہ بلال قیوم،صمود اعوان،میاں قدوس اسحاقی،میاں شریف جاگوی،ملک ذوالفقار،صدیق شاکر،ملکی مان،ملک رشید،سردار مطیع اللہ،سردار طاہر ایڈووکیٹ اور دیگر کارکنوں کے بڑی تعداد موجود تھی۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر