حکومت سیاسی پناہ کیلئے دنیاسے رابطے کر رہی ہے، شیخ رشید، اداروں کے خلاف سازش کیلئے لٹیروں کا لندن میں پڑاؤ : طاہر القادری
ٹورنٹو(ڈیلی پاکستان آن لائن) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ حکومت سیاسی پناہ لینے کیلئے پوری دنیاسے رابطے کر رہی ہے۔ ڈاکٹر طاہر القادری کہتے ہیں کہ اداروں کے خلاف نئی سازش کیلئے لٹیروں نے لندن میں پڑاؤڈال لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید احمد نے عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے ٹورنٹو میں ملاقات کی ، جس میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کاانصاف لیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے ، تمام اپوزیشن جماعتیں شہدا ماڈل ٹاؤن کے لواحقین کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پوری طرح پھنس چکی ہے اور اب سیاسی پناہ لینے کیلئے دنیاسے رابطے کر رہی ہے۔شیخ رشید سے ملاقات میں ڈاکٹر طاہر القادری نے سانحہ ماڈل ٹاﺅن کی تحقیقات پر مبنی باقر نجفی کمیشن رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ باقر نجفی کمیشن رپورٹ پبلک ہونے سے مظلوموں کو انصاف ملے گا۔