صوابی،جمعیت کے قافلے آج آزادی مارچ میں شرکت کیلئے روزانہ ہوں گے
صوابی(بیورورپورٹ)آج جمعرات کو اسلام آباد میں جمعیت علماء اسلام کے زیر اہتمام ہونے والی آزادی ملین مارچ میں اپوزیشن جماعتوں کے قافلے ان جماعتوں کے سر براہان کی قیادت میں صوابی انٹر چینج سے سہ پہر دو بجے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو جائیں گے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں کے قافلے صوابی انٹر چینج پر جمع ہو نگے۔ ان قافلوں میں جنوبی اضلاع، ملاکنڈ، سوات اور صوبے کے دیگر اضلاع کے لوگ شامل ہونگے۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی کے زیر اہتمام اسلام آباد آزادی ملین مارچ کا کاروان سر براہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں ستائیس اکتوبر کو کراچی سے روانہ ہوا تھا جو کہ آج اسلام آباد پہنچے گا جب کہ صوبہ خیبر پختونخوا سے اپوزیشن جماعتوں کا کاروان آج جمعرات کو روانہ ہو جائیگا۔ جے یو آئی صوبہ خیبر پختونخوا کا ایک بڑا قافلہ صوبائی امیر سینیٹر مولانا عطاء الرحمن اور سیکرٹری جنرل مولانا عطاء الحق درویش کی صدارت میں آج جمعرات کی سہ پہر ایک بجے پشاور انٹر چینج سے جب کہ اے این پی صوبہ خیبر پختونخوا کا قافلہ مرکزی سر براہ اسفند یار ولی خان کی قیادت میں رشکئی انٹر چینج سے آج دو بجے جب کہ مسلم لیگ ن کا کاروان صوبائی صدر انجینئر امیر مقام اور قومی وطن پارٹی کا قافلہ مرکزی چیر مین آفتاب احمد خان شیر پاؤ کی قیادت میں آج جمعرات کو دو بجے صوابی انٹر چینج سے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گا صوبہ بھر میں اپوزیشن جماعتوں نے آزادی ملین مارچ میں شرکت کرنے کے لئے تیاریوں کو حتمی شکل دیدی ہے اور تمام انتظامات مکمل کئے جا چکے ہیں جے یو آئی کے صوبائی رہنما اور مرحوم سر پرست اعلی بزر گ عالم دین مولانا حمد اللہ جان باباجی کے سیاسی جانشین اشفاق اللہ خان اور سابق ضلعی تر جمان مولانا محمد ہارون حنفی نے تحریک رزڑ کے مختلف علاقوں میں کارنر اجلاسوں سے خطاب کر تے ہوئے کہا کہ آج کا ہونے والا قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں آزادی مارچ تاریخ ساز ہو گا آزادی مارچ میں شرکت کے لئے آج صبح صوابی سے ایک بہت بڑا قافلہ اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور وزیر اعظم عمران نیازی نے ملک کے غریب عوام کا جینا محال کر دیا ہے مہنگائی، ناجائز ٹیکسز اور دیگر اشیائے خوردونوش اور ادویات کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے کا سارا نزلہ غریب عوام پر گر رہا ہے۔ آج ملک کے تمام عوام قائد جمعیت مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں پوری طرح متحد و متفق ہے اور آزادی ملین مارچ کے عوامی سیلاب میں عوام دشمن حکمران خش و خشاک کی طرح بہہ جائیں گے اس عوامی سیلاب کا راستہ کوئی بھی نہیں روک سکے گا جے یو آئی اور اپوزیشن کے کارکن پُر امن احتجاج کر کے تاریخ ساز مارچ کرینگے۔