پولیس سروسز کی فراہمی: موبائل خدمت مرکز کادائرہ بڑھانے کاحکم

    پولیس سروسز کی فراہمی: موبائل خدمت مرکز کادائرہ بڑھانے کاحکم

  

ملتان ( وقا ئع نگار) ریجنل پولیس آفیسر ملتان وسیم احمد خان کی ہدایت پر شہریوں کو انکی دہلیز پر پولیس سروسز کی فراہمی کیلئے موبائل خدمت مرکز کا دائرہ ریجن تک بڑھانے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔اس سلسلے میں ملتان، وہاڑی،خانیوال اور لودھراں میں پولیس موبائل خدمت مرکز کی گاڑیوں کو روزانہ کی بنیادوں پر دیہی علاقوں اور تعلیمی اداروں سمیت عوامی مقامات پر جاکر سروسز فراہم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ریجنل پولیس آفیسر وسیم احمد خان نے اس حوالے سے ایک بیان میں کہا (بقیہ نمبر38صفحہ12پر)

ہے کہ آئی جی پنجاب کیپٹن ر عارف نواز کے وڑن کے تحت عوام کو تھانہ کچہریوں اور پولیس لائن کے بجائے انکی دہلیز پر پولیس خدمات فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے۔پولیس خدمت مرکز وین سے شہری بلامعاوضہ ایف آئی آر کی کاپی،کیریکٹر سرٹیفکیٹ،لرنز ڈرائیونگ پرمٹ،کرایہ داری کا اندراج،گمشدگی کی رپورٹ اور قانونی معاونت کے حصول سمیت پولیس سے متعلقہ 14 مخلتف سروسز اپنی دھلیز پر ہی حاصل کرسکتے ہیں۔آر پی او وسیم احمد خان نے کہا کہ ریجن کے پولیس سربراہان کو ہدایت کی ہے کہ پولیس موبائل خدمت وین کو دور دراز کے علاقوں میں عوام کی خدمت کیلئے بھیجا جائے اور خدمت وین میں بااخلاق و تعلیم یافتہ سٹاف تعینات کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پولیس موبائل خدمت مرکز وین کو پولیس کے سنٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول ڈیٹا بیس سے آن لائن منسلک کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں جرائم پیشہ افراد اور مقدمات کا ریکارڈ بھی فوری حاصل کیا جاسکے۔دریں اثناء آر پی او کی ہدایت پر گزشتہ روز ریجن کی چاروں پولیس موبائل خدمت مرکز گاڑیوں کے اپنے اضلاع کے مختلف علاقوں میں کیمپنگ کی اور موقع پر شہریوں کو خدمات فراہم کیں۔

حکم

مزید :

ملتان صفحہ آخر -