کیسز پر ”ڈیل“ کی باتیں کی جاتی ہیں، پیمرا اسی کو ٹاک شو کہتے ہیں: ہائیکورٹ

      کیسز پر ”ڈیل“ کی باتیں کی جاتی ہیں، پیمرا اسی کو ٹاک شو کہتے ہیں: ...

  

لاہور(نامہ نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے میڈیا اینکرز کے ٹی وی شوز میں بطور مہمان شرکت پر پابندی کے خلاف دائر درخواستوں پر پیمرا کے ہدایت نامہ پر تا حکم ثانی عمل درآمد روک دیا۔عدالت نے وفاقی وزار اطلاعات و نشریات اورپیمرا کو نوٹس جاری کر تے ہوئے جواب بھی طلب کر لیاہے،جسٹس شاہد وحید نے سینئر صحافی عارف حمید بھٹی اور دیگر شہریوں کی درخواستوں کی سماعت کے دوران پیمرا کے وکیل کے اس موقف کو مسترد کردیا کہ اینکر عدالت میں زیر سماعت مقدمات پر ڈیل کی باتیں کرتے ہیں، فاضل جج نے کہا کہ اسی کو تو ٹاک شو کہتے ہیں، درخواست گزاروں کی طرف سے موقف اختیار کیا گیا کہ پیمرا نے 27 اکتوبر کو اینکر پرسنز کے بطور تجزیہ کار دوسرے ٹی وی شوز میں شرکت پر پابندی عائد کر دی ہے،پیمرا نے ٹی وی اینکرز کو شوز کیلئے ان کی مرضی کے مہمان بلانے پر بھی پابندی عائد کی ہے، پیمرا کے ہدایت نامے میں صحافیوں کو اپنے ہی ٹی وی شو میں زیر بحث موضوع پر رائے دینے سے بھی روک دیا گیا ہے، یہ پابندی آئین کے منافی ہے۔آئین کے آرٹیکل 19 میں کسی بھی اخبار یا ٹی وی کے صحافی کو ٹی وی پروگرام میں شرکت سے نہیں روکا گیا۔اس کیس مزید سماعت 10دسمبرکو ہوگی۔

پیمرا

مزید :

صفحہ آخر -