پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے ہمہ وقت تیار: نیول چیف
اسلام آباد (این این آئی)نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ گزشتہ روزنیول ہیڈکواٹرز اسلام آباد میں پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس کا انعقاد کیا گیا،کانفرنس کی صدارت پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفرمحمود عباسی نے کی۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کے دوران خطے کی سیکیورٹی صورت حال، پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں اور جوانوں کے تربیتی اور فلاحی امورکا جائزہ لیا گیا۔ ترجمان پاک بحریہ نے بتایاکہ نیول چیف کو پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ نیول چیف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا۔ ترجمان بحریہ کے مطابق کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔
نیول چیف