وزارت داخلہ میں ایف اے ٹی ایف سیل قائم
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزارت داخلہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) کے ایکشن پلان پر بروقت اور موثر طور پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کیلئے ایف اے ٹی ایف سیل قائم کردیا۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انسداد دہشت گردی کے قومی ادارے (نیکٹا) کے چار افسران کو سیل میں شامل کر لیا گیا ہے۔وزارت داخلہ کے ایڈیشنل سیکریٹری کی سربراہی میں قائم سیل میں اراکین کے طور پر نیکٹا کے ڈائریکٹر جنرل منیر مسعود، ڈائریکٹر دْرِ مقنون، ڈپٹی ڈائریکٹر حبیب الر حمن اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر مفتی محمد یعقوب کو شامل کیا گیا ہے۔ یاد رہے جولائی میں وفاقی ریونیو بورڈ (ایف بی آر) نے ایف اے ٹی ایف سیل قائم کیا تھا تاکہ منی لانڈرنگ کے ذر یعے دہشت گردوں کی مالی معاونت کیخلاف اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکے۔یہ سیل ایف اے ٹی ایف کے معاملات کو لیکر کسٹمز سے متعلق تمام سرگرمیوں کے فوکل پوائنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔خیال رہے ایف اے ٹی ایف منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کیلئے مالی معا ونت کی روک تھام کیلئے بنائی گئی عالمی تنظیم ہے۔اس تنظیم نے 18 اکتوبر کو 4 ماہ کی مہلت دہتے ہوئے پاکستان پر زور دیا تھاوہ فروری 2020 تک ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کرے کیونکہ اس وقت تک پاکستان ’گرے لسٹ‘ میں ہی موجود رہے گا۔
ایف اے ٹی ایف سیل