پرامن احتجاج میں حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی،شوکت یوسفزئی

      پرامن احتجاج میں حکومت کوئی رکاوٹ نہیں ڈالے گی،شوکت یوسفزئی

  



پشاور(این این آئی) خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے خیبر پختونخوا حکومت اپوزیشن کی ریلی کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈال رہی۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق خیبرپختونخوا میں اپوزیشن کی ریلی کے شرکاء کو حکومت ہرممکن آسانیاں دیگی تاہم انہوں نے کہا تھریٹ الرٹ جا ری ہو چکا ہے جس کے پیش نظر ریلی کے شرکا کو پولیس سے تعاون کرنا اور اپنی صفوں میں بھی خیال رکھنا ہوگا کہ کوئی غلط لوگ ریلیوں میں داخل نہ ہوں۔اپنے ویڈیو پیغام میں شوکت یوسفزئی نے کہا کسی بھی مدرسے کو کوئی انسٹرکشن نہیں دی گئی تاہم والدین کو دیکھنا ہوگا مدرسے کے بچوں کا قیمتی وقت ضائع ہو نہ ان کے بچے سیاسی مقصد و احتجاج کیلئے استعمال ہوں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا لا اینڈ آرڈر اور موجودہ صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے وزیراعلیٰ محمود خان نے اعلی سطحی کمیٹی بنائی ہے جو تمام تر صورتحال کو دیکھ رہی ہے، ہمارے لئے سب سے اہم بات احتجاج کو پرامن رکھنااور تھریٹ الرٹ کے پیش نظر شرکا ء کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ ریلی کے شرکا سے کہا ہے وہ کسی قسم کا اسلحہ ڈنڈے یا غلیل رکھنے سے اجتناب کریں تاکہ انہیں کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، یہ فیصلہ حکومت کر چکی ہے کسی ڈنڈا بردار فورس کو صوبے سے نہیں نکلنے دیا جائے گا،پر امن احتجاج سب کا حق ہے اس میں کوئی رکاوٹ نہیں ڈالی جائیگی لیکن انتشار پھیلانے اور امن خراب کرنیوالوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ ریلی کے شرکا کی طرف سے کسی بھی ممکنہ گڑبڑ اور انتشار پھیلانے کی تمام تر ذمہ داری جے یوآئی(ف) پر عائد کی جائے گی۔

شوکت یوسفزئی

مزید : صفحہ آخر