”الحمراء آن ویل“ کے تحت سٹریٹ تھیٹر کی شکل میں ڈرامہ پیش
لاہور(فلم رپورٹر) لاہورآرٹس کونسل الحمراء نے ”الحمراء آن ویل“ کے تحت سٹریٹ تھیٹر کی شکل میں آگہی ڈرامہ ”جہیز‘گورنمنٹ فاطمہ جناح کالج فارویمن چونا منڈی میں پیش کیا۔ڈرامے کو ہزاروں کی تعداد میں طالبات نے دیکھا اور سبق آموزڈرامے سے آگہی حاصل کی،فاطمہ جناح کالج فارویمن چونا منڈی کی طالبات نے ڈرامہ میں اداکاروں کی اعلی ٰ پرفارمنس پر زبردست داد دیتی رہیں۔ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء اطہر علی خان نے اس حوالے سے کہا کہ الحمراء لوگوں کو معیاری تفریح،اپنی صلاحیتوں منوانے کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ مختلف معاشرتی موضوعات پر آگہی بھی فراہم کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ سٹریٹ تھیٹر ہماری احسن روایات کا حصہ ہے جیسے بحال کردیا گیا،لوگ اس اقدام کو بے حد پسند کررہے ہیں،عوام کی بات کو عوامی دہلیز پر لوگوں تک پہنچا رہے ہیں،”جہیز“ ایک معاشرتی مسئلہ ہے،جو بے شمار مسائل کا باعث ہے جس پر جتنی آگہی فراہم کی جائے،کم ہے،انھوں نے کہاکہ سٹریٹ تھیٹر عوام کو اپنا پیغام پہنچانے کا موثر ذریعہ ہے، فرداور سماج کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی حدود کے تحت تمام تر اخلاقی اقدار کے عین مطابق الحمراء آرٹس کونسل شب روز عوام کیلئے نت نئے پروگرام پیش کر رہی ہے،ڈرامے میں اداکاروں نے اپنی مہارتوں کا مظاہر ہ کیا۔
ڈائریکٹر آرٹس اینڈکلچرالحمراء ذوالفقار علی زلفی نے ڈرامہ کے آغاز میں طالبات سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا یہ اقدام”الحمراء آن ویل“ بے حد کامیاب ہورہاہے جس کے تحت آج ہم آپ کے درمیان موجودہیں،آپ کو اس ڈرامے سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔انھوں نے طالبات کو اپنی گفتگو میں آرٹ کی اہمیت سے بھی روشناس کروایا۔