عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں ختم کرانا ہونگی: شاہ محمود

    عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی پابندیاں ختم کرانا ہونگی: شاہ ...

  

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کیوباکے نائب صدرسے ملاقات میں کہا 5 اگست کے بھارتی اقدام نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا، عالمی برادری کو بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں پابندیاں ختم کرانی ہوں گی۔تفصیلات کے مطابق کیوبا کے نائب صدر سلوا ڈور میسا نے وفد کے ہمراہ وزارت خارجہ کا دورہ کیا، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے وفد کا استقبال کیا، اس موقع پر کیوبا کے نائب صدر رابرٹو مورالز اوجیدا نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعلقات، کشمیر کی صورتحال سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا پاکستان کیوبا سے تعلقات قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، کیوبا نے مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں رہنما وں میں دواسازی، طب اوربائیو ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔قبل ازیں پاکستان اور کیوبا کے مابین ویزہ کی شرط کو جزوی طور پر ختم کرنے کے معاہدہ پر دستخط ہو گئے،معاہدے کا اطلاق صرف سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد اور سفارتی منصب دارافراد پر ہوگا۔ پاکستان اور کیوبا دونوں ملکوں کے مابین ویزہ کی شرط کو جزوی طور پر ختم کرنے کے معاہدے پر دستخط کی تقریب وزارت خارجہ میں ہوئی جس میں کیوبن نائب صدر رابرٹو مورالز اوجیدا اور وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی موجودگی میں پاکستان کی طرف سے سیکرٹری داخلہ میجر(ر) اعظم سلیمان جبکہ کیوبا کی طرف سے پاکستان میں تعینات کیوبن سفیر گیبریل کاپوتے نے دستخط کیے۔

شاہ محمود قریشی

مزید :

صفحہ اول -