ویمنز ٹی 20سیریز: پاکستان نے بنگلہ دیش کو کلین سویپ کردیا

ویمنز ٹی 20سیریز: پاکستان نے بنگلہ دیش کو کلین سویپ کردیا

  

لاہور(افضل افتخار) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش ویمنز کو تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں 28رنز سے شکست دیکر سیریز میں کلین سویپ کردیا۔بنگلہ دیش کی ٹیم118رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 89رنز ہی بناسکی۔ مہمان ٹیم کی 6 کھلاڑی ڈبل فگرز میں بھی داخل نہ ہوسکیں۔پاکستان کی جانب سے انعم امین اور صبا نذیر نے 2،2وکٹیں حاصل کیں۔کیرئیر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کرنے پر پاکستان کی جویریہ خان کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔بدھ کو قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے تیسرے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمعہ معروف نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ محض 19 اسکور پر ابتدائی 2 وکٹیں گرنے کے بعد جویریہ خان اور عمیمہ سہیل نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان تیسری وکٹ کے لیے 67 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جویریہ خان نے7چوکوں کی مدد سے 54رنز کی اننگز کھیلی۔عمیمہ سہیل 31رنز بنا کر رن آٹ ہوئیں۔ قومی ویمنز ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 117رنز بنائے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے جہاں آرا عالم نے 12رنز کے عوض 3کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ رومانہ احمد نے 2وکٹیں حاصل کیں۔118رنز کے تعاقب میں مہمان ٹیم کی ابتدائی 4کھلاڑی محض 12رنز پرآٹ ہوکر پویلین واپس لوٹ گئیں۔ وکٹ کیپر بیٹر نگار سلطانہ اور فرغانہ حق نے محتاط کھیل کا مظاہرہ کیا۔ دونوں کے درمیان 53رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ نگار سلطانہ 30اور فرغانہ حق 27رنز بنا کر ٹاپ اسکوررز رہیں۔مہمان ٹیم کی 6 کرکٹرز ڈبل فگرز میں داخل نہ ہوسکیں۔ بنگلہ دیش کی ویمزٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 89رنز ہی بناسکی۔اسپنر انعم امین نے 10 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کوپویلین کی راہ دکھائی۔انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی کرکٹ میں اپنا ڈیبیو کرنے والی اسپنر صبا نذیر نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔کیرئیر کی ساتویں نصف سنچری اسکور کرنے پر پاکستان کی جویریہ خان کو پلیئر آف دی میچ کا انعام دیا گیا۔صبا نذیر نے پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کیا۔

مزید :

کھیل اور کھلاڑی -