آسٹریلیانے سری لنکا کو 9وکٹوں سے ہراکر ٹی 20کرکٹ سیریز اپنے نام کرلی

آسٹریلیانے سری لنکا کو 9وکٹوں سے ہراکر ٹی 20کرکٹ سیریز اپنے نام کرلی

  



برسبین (اے پی پی) آسٹریلیا نے دوسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 2-0 سے جیت لی، مہمان ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19ویں اوور میں 117 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی اور اس نے کینگروز کو میچ میں کامیابی کیلئے 118 رنز کا ہدف دیا جو بعد میں میزبان ٹیم نے 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، ڈیوڈ وارنر نے ناقابل شکست 60 اور سٹیون سمتھ نے ناقابل شکست 53 رنز بناکر ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ بدھ کو برسبین میں کھیلے گئے سیریز کے دوسرے میچ میں سری لنکا کے کپتان لاستھ ملنگا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، آسٹریلوی باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت پوری آئی لینڈرز ٹیم 19 ویں اوور میں 117 رنز بناکر پولین لوٹ گئی۔ کوسال پریرا 27 اور دانوشکا 21 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔ آسٹریلیا کی طرف سے بلی سٹینلیک، پیٹ کمنز، ایشٹن ایگر اور زامپا نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں ڈیوڈ وارنر اور سٹیون سمتھ کی شاندار ناقابل شکست نصف سنچریوں کی بدولت کینگروز نے مطلوبہ ہدف پوراکرلیا۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی