تینوں بوگیوں میں کتنے مسافر سوار تھے اور زیادہ تر لوگ کس سٹیشن سے سوار ہو ئے تھے ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

تینوں بوگیوں میں کتنے مسافر سوار تھے اور زیادہ تر لوگ کس سٹیشن سے سوار ہو ئے ...
 تینوں بوگیوں میں کتنے مسافر سوار تھے اور زیادہ تر لوگ کس سٹیشن سے سوار ہو ئے تھے ؟ تفصیلات سامنے آ گئیں

  

رحیم یارخان (ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی سے راولپنڈی جانے والی تیز گام ایکسپریس کی تین بوگیوں میں لیاقت پور کے قریب تلواری سٹیشن پر آگ بھڑک اٹھی جس کی شدت کے کے باعث اب تک مجموعی طور پر 62 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں تاہم اب مسافروں کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آ گئیں ہیں ۔

تفصیلات کے مطابق ڈی سی او نے بتا یا ہے کہ ٹرین کی تینوں بوگیوں میں مجموعی طور 207 مسافرسوار تھے اور ان میں سے زیادہ تر حیدرآباد سے ٹرین میں سوار ہوئے ، ٹرین کی بوگی نمبر تین اور چار ” امیر حسین اینڈ جماعت “ کے نام پر بک تھیں جبکہ بوگی نمبر پانچ بزنس کلا س تھی جس میں 54 افراد سوار تھے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ بزنس کلاس کی بوگی میں کچھ تبلیغی جماعت کے لوگ تھے جبکہ اس میں عام مسافر بھی سوار تھے ، بوگی نمبر پانچ کے مسافروں کا ڈیٹا موجود ہے تاہم بوگی نمبرتین اور چار کا ڈیٹا موجود نہیں وہ ایک ہی شخص کے نام پر بک ہیں ۔اکانومی کی ایک بوگی میں 77 اور دوسری میں 76 افراد سوار تھے ۔

نجی ٹی وی جیونیوز سے بات کرتے ہوئے سینئر صحافی امین حفیظ نے بتایا کہ اکانومی کلاس میں 80 افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہو تی ہے لیکن عمومی طور پر اس میں کبھی کبھی رش ہونے کے باعث زیادہ بھی سوار ہو جاتے ہیں جبکہ اے سی ڈبے میں 45 سے 50افراد کی گنجائش ہوتی ہے ۔

یاد رہے کہ لیاقت پور کے قریب تلواری سٹیشن پر تیز گام میں سلنڈر پھٹنے کے باعث آگ بھڑک اٹھی جو کہ کوکنگ آئل اور کپڑوں کے باعث آگ مزید بڑھ گئی اور اس نے تین بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ، آتشزدگی کے باعث اب تک 62 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں جنہیں ہسپتال منتقل کیا جارہاہے ۔

مزید :

قومی -