چودھری شوگر ملز کیس، نیب نے مریم نواز کی ایس ٹی آر خفیہ ٹرانزیکشنز کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چودھری شوگر ملز کیس نیب نے مریم نواز کی ایس ٹی آر خفیہ ٹرانزیکشنز کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں چودھری شوگر ملز کیس مریم نواز کی درخواست پر سماعت ہوئی،نیب کے وکیل جہانزیب بھروانہ نے مریم نواز کی ایس ٹی آر خفیہ ٹرانزیکشنز کی رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔وکیل نیب نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ چودھری شوگر ملز کے نام پر جعلی اکاﺅنٹس کھول کر قرض لیا گیا اور ادا بھی کیا گیا ۔جسٹس باقر نجفی نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد بظاہر لگ رہا ہے ٹرانزیکشنز نوازشریف کے اکاﺅنٹس سے ہوئیں ،ٹرانزیکشنز میں مریم نواز کا لنک نظر نہیں آرہا جسٹس باقرنجفی نے کہا کہ آپ کو پتہ ہوناچاہئے ہم مریم نواز کا کیس سن رہے ہیں نوازشریف کا نہیں ۔
وکیل نیب نے کہا کہ مریم نواز چودھری شوگر ملز کی سی ای او اور شیئرہولڈر رہی ہیں ،انکم ٹیکس ریٹرن کے ریکارڈ کے مطابق مریم نواز کے اثاثے آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے ،مریم نواز کو کروڑوں روپے بطور تحائف ملے ،عدالت نے استفسار کیا کہ دلائل مکمل کرنے میں کتناوقت لگے گا،وکیل نیب جہانزیب بھروانہ نے کہا کہ 30 منٹ میں دلائل مکمل کر لوں گا ۔