مسلم لیگ ن کا قافلہ بھی مولانا کے آزادی مارچ میں شرکت کیلئے نکل آیا ، بڑی خبر آ گئی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )سانحہ تیز گام کے پیش نظر مشترکہ اپوزیشن نے اسلام آباد میں آج ہونے والے آزادی مارچ کے جلسے کو کل تک ملتوی کر دیاہے تاہم ن لیگ کے قافلے بھی جلسے میں شرکت کیلئے نکل چکے ہیں جس کی ویڈیو ز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی جارہی ہیں تاہم کل جمعہ کے بعد ہونے والے جلسے میں شہبازشریف سمیت ن لیگ کی بیشتر مرکزی قیادت شرکت کر ے گی ۔
مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اکرام مغل نامی صاف نے ویڈیو شیئر کی ہے جس میں گاڑیوں کا ایک قافلہ سیاسی جذبے ساتھ اسلام آباد کی جانب گامزن ہے اور انہوں نے اپنی گاڑیوں پر ن لیگ کے جھنڈے لہرائے ہوئے ہیں ۔ صارف کا کہناتھا کہ ن لیگی رہنما خرم دستگیر کی قیادت میں قافلہ اسلام آباد کیلئے رواں دواں ہے ۔
آزادی مارچی کے جلسے کو کل تک ملتوی کرنے کے فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے ن لیگی رہنما احسن اقبال کا کہناتھا کہ کل ہونے والے جلسے میں شہبازشریف کے ہمراہ ن لیگ کے بیشتر سینئر سیاستدان شریک ہوں گے جن میں خواجہ آصف، رانا تنویر ، سردار ایاز ، پرویز رشید سمیت دیگر صوبائی صدور شامل ہیں ۔
ان کا کہناتھا کہ بیشتر سینئر رہنما شریک ہوں گے جبکہ مختلف شہروں سے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہو چکے ہیں اور اس لیے تمام قافلوں کو بتا دیاہے کہ اس حساب سے آئیں کیونکہ جلسہ کل تک ملتوی کر دیا گیاہے ، جو آج رات پہنچ جائیں گے انہیں رات گزارنے کا انتظام کرنے کا بھی کہہ دیاہے اور جو ابھی نکلے نہیں انہیں وقت کے حساب سے آنے کا کہہ دیا گیاہے ۔
یاد رہے کہ آج صبح ساڑھے چھ بجے رحیم یار خان کے قریب کراچی سے راولپنڈی آنے والی تیز گام کی تین بوگیوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں اب تک 74 افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جبکہ درجنوں زخمی ہیں جنہیں بہاولپور، رحیم یارخان اور ملتان کے ہسپتالوں میں منتقل کرتے ہوئے ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیاہے اور ٹریک کو ٹرینوں کی آمدو رفت کیلئے بحال کر دیا گیاہے ۔