ٹرین حادثہ افسوسناک،پختونخواکے عوام نے ثابت کردیا کہ وہ بلاجواز دھرنوں میں شرکت نہیں کرتے:اجمل خان وزیر

ٹرین حادثہ افسوسناک،پختونخواکے عوام نے ثابت کردیا کہ وہ بلاجواز دھرنوں میں ...
ٹرین حادثہ افسوسناک،پختونخواکے عوام نے ثابت کردیا کہ وہ بلاجواز دھرنوں میں شرکت نہیں کرتے:اجمل خان وزیر

  



پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان اور وزیر اعلیٰ محمود خان کے مشیر اجمل وزیر خان نےرحیم یار خان میں پیش آنے والے ٹرین حادثے پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پختونخواہ حکومت سوگوار خاندانوں کے غموں میں برابر کی شریک ہیں،جے یو آئی مارچ کیلئے تمام راستے کھلے ہیں،دھرنے اور عوام کی جان و مال کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے،ے یو آئی مارچ کو کہیں بھی روکا نہیں جارہااور نہ ہی راستوں میں کنٹینرزرکھے گئے ہیں،پختونخوا کی عوام نے ثابت کردیا کہ وہ بلاجواز دھرنوں میں شرکت نہیں کرتے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی محکمہ اطلاعات میں منعقدہ جے یو آئی مارچ کے بارے میں پریس کانفرنس میں اجمل خان وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب کے علاقے رحیم یار خان میں پیش آنے والے ٹرین حادثے میں قیمتی جانوں کا ضیاع قابل افسوس ہے،اجتماع کیلئے جانے والے ٹرین کے حادثے پر پوری قوم سوگ کی کیفیت میں ہے،صوبائی حکومت افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ جے یو آئی مارچ  کے حوالے سے بات کرتے ہوئے اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ مارچ میں ابھی تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور پختونخوا میں کہیں بھی کنٹینر نہیں رکھا گیا، تمام تعلیمی ادارے اور روزگارمعمول کے مطابق کھلے ہیں،ہم جمہوری لوگ ہیں اور جمہوری روایات پر یقین رکھتے ہیں، اپوزیشن سے مذاکرات کیلئے ہم نے کمیٹی تشکیل دی اور اپوزیشن کو بات چیت کو موقع دیا گیا،اس کمیٹی نے اپوزیشن کے ساتھ دھرنے کیلئے معاہدہ کیا،امید ہے اپوزیشن اس معاہدے کی پاسداری کرے گی۔ ترجمان پختونخوا حکومت کا کہنا تھا کہ ہم اپنا جمہوری کردار اداکررہے ہیں، جے یو آئی مارچ کو کہیں بھی روکا نہیں جارہا اور نہ ہی راستوں میں کنٹینرز رکھے گئے ہیں،حکومت اپنی کمٹمنٹ پر قائم رہے گی، پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے چوکس ہے اور حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے، پْرامن احتجاج ہرکسی کا حق ہے اور اس کیلئے جے یو آئی کو جگہ،وقت اور موقع دیا گیا ہے،تمام سیکیورٹی اداروں کیساتھ رابطےمیں ہیں، ہوم ڈیپارٹمنٹ میں کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے حکومت مارچ کی کڑی نگرانی کررہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں اجمل وزیر کا کہنا تھا کہ پختونخوا عوام نے ثابت کردیا کہ وہ بلاوجہ کسی مارچ کا حصہ نہیں بنتے،جے یو آئی کیساتھ لوگ نہیں نکل رہے تو وہ ٹرانسپورٹ پر پابندی کا بہانہ کررہے ہیں،پرائیویٹ ٹرانسپورٹ ہرکسی کی اپنی ہے ،اپنی مرضی سے چلائیں،حکومت نے کسی پر کوئی پابندی نہیں لگائی،ملاکنڈ میں روڈ بندکرنے اور کنٹینرز رکھنے کی اطلاعات بالکل بے بنیاد ہیں، جے یو آئی پختونخوا سے عوامی سیلاب نکالنے میں ناکام ہوچکی ہے۔

مزید : علاقائی /خیبرپختون خواہ /پشاور