عمر اکمل کیس، پی سی بی بھاری اخراجات سے بچ گیا مگر کیسے؟ 

عمر اکمل کیس، پی سی بی بھاری اخراجات سے بچ گیا مگر کیسے؟ 
عمر اکمل کیس، پی سی بی بھاری اخراجات سے بچ گیا مگر کیسے؟ 

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) عمر اکمل کیس میں بھاری اخراجات سے بچ گیا ہے کیونکہ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت نے ویڈیو لنک پر سماعت کی درخواست منظور کر لی ہے جس پر مزید پیش رفت دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق رواں سال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے قبل بکیز کی جانب سے رابطے کی اطلاع بورڈ کو نہ کرنے کی پاداش میں عمر اکمل پر 3سال کی پابندی عائد کردی گئی تھی، بعد ازاں جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر نے اینٹی کرپشن ٹربیونل کی طرف سے اعلان کردہ سزا کو 3 کے بجائے ڈیڑھ سال کر دیا، پی سی بی نے پابندی کی مدت میں کمی کو سپورٹس عالمی ثالثی عدالت میں چیلنج کیا۔

دوسری جانب عمر اکمل نے اسے مزید کم کرنے کیلئے اسی پلیٹ فارم پر رجوع کررکھا ہے، پی سی بی نے کورونا کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں ویڈیو لنک پر سماعت کی درخواست کردی تھی جو منظور کرلی گئی، عمر اکمل کے وکلاءنے فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر سماعت کرنے کیلئے استدعا کی تھی جو مسترد کردی گئی۔

ذرائع کے مطابق عالمی ثالثی عدالت نے واضح کیاکہ سماعت ورچوئل ہوگی، عمر اکمل اب ویڈیو لنک پر سماعت کیلئے 2 نومبر تک دستیابی ظاہر کرسکیں گے، اس کیس کی سماعت دسمبر میں ہونے کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ پی سی بی نے کسی کرکٹر کی سزا میں کمی کو چیلنج کرتے ہوئے معاملے کو طول دیا، عام طور سزا کی مدت پوری ہونے پر کھلاڑیوں کیلئے واپسی کے دروازے کھلتے رہے ہیں۔

مزید :

کھیل -