کوئٹہ جلسہ، مسلم لیگ ن نئے تنازعہ میں پھنس گئی، نجی ٹی وی چینل نے بڑا دعویٰ کردیا
لاہور (ویب ڈیسک)سابق وزیراعلی بلوچستان ثناءاللہ زہری کو پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے میں نہ بلانے پر تنازعہ کھڑا ہوگیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت اور مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ میں تنازعہ پیدا ہوگیا، ذرائع کا کہنا ہے کہ تنازعہ سابق وزیراعلی ثناءاللہ زہری کو پی ڈی ایم کے کوئٹہ جلسے میں نہ بلانے پر ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے پارٹی قیادت کی مشاورت کے بعد ثناءاللہ زہری کو جلسے میں مدعو کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ثناءاللہ زہری اڑھائی سال سے ملک میں موجود نہیں، اور وہ پی ڈی ایم کے جلسے کا حصہ نہیں بن سکتے۔
پارٹی قائدین کا مو¿قف ہے کہ ثناءاللہ زہری نے قائد مسلم لیگ (ن) نوازشریف کے منع کرنے کے باوجود وزارت اعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، اور جب ثناءاللہ زہری تحریک کے ساتھ ہی نہیں ہیں تو پھر انہیں پی ڈی ایم جلسے میں کیوں بلایا جائے؟۔
واضح رہے کہ عبدالقادر بلوچ نوازشریف کی کابینہ میں وفاقی وزیر بھی رہ چکے ہیں اور اس وقت مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر ہیں، جب کہ ثنااللہ زہری وزیراعلیٰ بلوچستان رہ چکے ہیں، اور ثناءاللہ زہری کو کوئٹہ جلسے میں نہ بلانے کا فیصلہ مسلم لیگ (ن) کی اعلی قیادت اور پارٹی نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔