لیوٹن میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت  منایا گیا ،  گستاخانہ خاکوں کی بھی مذمت 

لیوٹن میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت  منایا گیا ،  ...
لیوٹن میں پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کا یوم ولادت  منایا گیا ،  گستاخانہ خاکوں کی بھی مذمت 

  

لیوٹن ( اسرار احمد خان) جامعہ اسلامیہ غوثیہ ٹرسٹ لیوٹن میں مولائے کُلؐ،  ختم الرُّسل، حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے یوم ولادت با سعادت کے حوالے سے 37 ویں سالانہ محفل میلاد النبی ﷺ کا اہتمام بڑے تزک و احتشام کےساتھ کیا گیا - محفل کی نقابت جامعہ کے مہتمم اعلی علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے کی جبکہ خصوصی خطاب بزرگ عالم دین علامہ مولانا ابو انعام محمد عبدالباری چشتی نے کیا انہوں نے کہا کہ آپﷺ کی حیات طیبہ انسانیت کو پستی و خواری سے نکال کر عزت و عظمت کے اوج پر لے جاتی ہے اور آپ ﷺ کے طفیل انسانیت آج اشرف المخلوقات کا خطاب پاتی ہے - 

ان کا مزید کہنا تھا کہ آپﷺ کی  ساری کی ساری خصلتیں اور سارے کے سارے کمالات  حسین سے حسین ترین، مقبول سے مقبول ترین، لطیف سے لطیف ترین اور جمیل سے جمیل ترین ہیں، اور ان تمام کمالات اور خوبیوں میں کوئی بھی آپ کا شریک نہیں ۔ 

نبی آخرالزماں ﷺ کے جشن ولادت کی خوشی میں جامعہ پر چراغاں کیا گیا، جس سے رنگ و نور کی فضا قائم ہوگئی، علاوہ ازیں عالمی کورونا وبا کے پیش نظر تقریب کے لیے تمام احتیاطی تدابیرکا اہتمام کیا گیا تھا، اور حکومتی گائڈ لائن کے مطابق جمامعہ انتظامیہ کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی تھی اور اس پر سختی سے عمل درآمد بھی کیا گیا تاہم لوکل اتھارٹیز کی جانب  تعینات آفیسران بھی  جانچ پڑتال کے لیے وہاں پر موجود تھے ۔ 

محفل کے اختتام پر میزبان محفل، جنرل سیکرٹری اہلسنت و جماعت برطانیہ علامہ قاضی عبدالعزیز چشتی نے فرانس میں پیغمبر اسلام حضرت محمد ﷺ کے گستاخانہ خاکوں کی متفقہ طور پر مذمت کی اور کہا کہ فرانسیسی حکومت کی پشت پناہی سے اس طرح کے اقدامات اشتعال کا باعث بن رہے ہیں۔ درود و سلام کے بعد  امت مسلمہ میں باہمی اتحاد و اتفاق اور وطن عزیز پاکستان کی خوشحالی و ترقی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

مزید :

برطانیہ -