پاک فوج کے خلاف بیان بازی کرنے والوں کی زبانیں کھینچ لینی چاہئیں:لیگی رہنما غیا ث الدین
شکرگڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن)مسلم لیگ ن کے باغی ممبر صوبائی اسمبلی مولوی غیاث الدین نے کہا ہے کہ کچھ عرصے سے چند سیاسی پارٹیاں فوج کے خلاف مسلسل زہر اگل رہی ہیں۔ایسے بیان دینے والوں کی زبانیں کھینچ لینی چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے صوبائی ممبر اسمبلی غیاث الدین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج امن کی ضمانت ہے،جو بھی سیاستدان پاک فوج کے خلاف بیان دے رہے ہیں اس کو قانون کے مطابق سزا دینی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ میرے علاقے آئے روز جوان وطن پر جان نثاور کررہے ہیں۔سابق سپیکر قومی اسمبلی نے غلط بیان دیا، اس کی مذمت کرتا ہوں، ایسی بیانات پر کارروائی ہونی چاہیے، پاک فوج کے خلاف بولنے والی زبان کو کھینچ لینا چاہیے۔ ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ ان کے بیان سے مخالف قوتوں کو خوشی اور پاکستانی قوم کو اس پر تکلیف ہوئی، یہ سب بیان بازی اپنے ذاتی مقاصد کے لیے کر رہے ہیں ۔ مولوی غیاث الدین نے مطالبہ کیا کہ میاں نوازشریف اور ایاز صادق اپنے بیان کو واپس لے کر معذرت کریں۔
خیال رہے کہ ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین بھی ان پانچ ارکان میں شامل ہیں جنہوں نے وزیراعلیٰ سے ملاقات کی تھی اور نوازشریف کے بیانیہ کی تردید پر انہیں پارٹی کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہوچکے ہیں۔