اے پی این ایس کا میر شکیل الرحمان کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ

اے پی این ایس کا میر شکیل الرحمان کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ
اے پی این ایس کا میر شکیل الرحمان کی جلد از جلد رہائی کا مطالبہ

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس) نے حکومت اور ریاستی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ میر شکیل الرحمان کی طویل حراست کے معاملے کو دیکھیں اور ان کی جلد از جلد رہائی یقینی بنائیں۔

اپنے ایک بیان میں اے پی این ایس کے صدر حمید ہارون اور سیکرٹری جنرل سرمد علی نے حکومت اور مختلف ریاستی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جنگ، جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان جو کہ 230 دن سے حراست میں ہیں حالانکہ ان کا ریمانڈ اور نیب کی انویسٹی گیشن ختم ہوچکی ہے، کے معاملے کو دیکھیں۔

میر شکیل الرحمان کے خلاف تمام ثبوتوں کے ساتھ ریفرنس پہلے ہی فائل کیا جاچکا ہے اس لیے اس بات کا خدشہ ختم ہوجاتا ہے کہ وہ ثبوتوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرسکتے ہیں۔

اے پی این ایس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر احمد طاہر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اے پی این ایس اس بات سے متفق ہے کہ پاکستان کے کسی بھی شہری کی طرح میر شکیل الرحمان بھی قانون سے بالا تر نہیں ہیں۔ تاہم اے پی این ایس اپیل کرتی ہے کہ انہیں ایک آزاد شہری کی طرح اپنے دفاع کا موقع دیا جائے۔ اس اقدام سے اس بیانیے کی نفی ہوجائے گی جس کے مطابق میر شکیل الرحمان کو میڈیا کی آزادی کو سلب کرنے ، احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنانے اور میڈیا انڈسٹری کو سبق سکھانے کیلئے گرفتار کیا گیا ہے۔

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -