"پاکستان نے بھارت کو ہر ادیا ،امریکہ افغانستان سے چلا گیا مگر ۔۔۔" مراد سعید نے ایسی بات کہہ دی کہ لیگی کارکن بھی حیران رہ جائیں
صوابی ( ڈیلی پاکستان آ ن لائن ) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ورلڈ کپ میں بھارت کو ہراکر تاریخ رقم کردی، امریکہ افغانستان سے واپس چلا گیا مگر دوائی لینے کیلئے لندن جانے والے نواز شریف واپس نہ آئے ۔
صوابی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ نواز شریف گلی گلی پھرتے تھے کہ مجھے کیوں نکالا ، اب دوائی لینے لندن گئے ہیں، ان کے جانے کے بعد سے دنیا میں متعدد اہم ترین واقعات رونما ہو چکے ہیں لیکن وہ واپس نہیں آئے ، پی ڈی ایم والے کہتے ہیں کہ انہیں عوام کا درد ہے ، پٹرول اس لئے مہنگا ہے کہ ہمیں وہ عالمی مارکیٹ سے خریدنا پڑتا ہے مگر شوگر ملیں تو ان کی ذاتی ہیں ، یہ چینی سستی کر کے عوام کو ریلیف دے دیں ، ان کے دل میں درد عوام کیلئے نہیں اقتدار کیلئے ہے ۔
مراد سعید نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کو اسلامو فوبیا سے آگاہ کیا ، بتایا کہ اسلام امن کا دین ہے ، پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا عزم کیا ، غریبوں کو صحت کی بہترین سہولیات دیں ، خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کی لہر تھی ، ہر شعبہ بد حال تھا ، آج یہاں امن وامان ہے ، صوبے میں سیاحت فروغ پا رہی ہے ، خیبرپختونخوا بھی سی پیک کا حصہ بن چکاہے جس سے روزگار ملے گا ۔